نبیل گبول کی دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت زرداری کی مفاہمتی سیاست کے زوال کا آغاز ہے، حبیب جان

اہل لیاری مغل بادشاہ کی فوج نہیں جو زرداری کے فیصلوں پر آداب بجا لاتے رہیں، زرداری کے ساتھ ساتھ نبیل گبول کے ہاتھ بھی لیاری کے معصوم بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،مرکزی آرگنائزر کراچی سٹی الائنس

جمعرات 23 فروری 2017 14:35

نبیل گبول کی دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت زرداری کی مفاہمتی سیاست ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2017ء) کراچی سٹی الائنس کے مرکزی آرگنائزر حبیب جان نے میڈیا سیل کراچی سٹی الائنس سے جاری ایک بیان میں نبیل گبول کی دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ زرداری اور گبول کے پاس ایک دوسرے کو سہارا دینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ یہی وجہ تھی کہ زرداری کو لیاری فتح کرنے کیلئے ایک بار پھر رسہ گیر پتھاریدار سے معاملات طے کرنے پڑے۔

انہوں نے کہا لیاری کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ نبیل گبول نے لیاری میں گینگ وار کی بنیاد رکھتے ہوئے کراچی تا تھانہ بولا خان تک نہ صرف زمینیں قبضہ کی بلکہ کئی معصوم نوجوانوں کو ذاتی مفادات کے حصول کیلئے موت کی آغوش میں دھکیل دیا۔انہوں نے کہاکہ نبیل گبول نے گزشتہ 20 سالوں میں لیاری کے اندر منشیات اور اسٹریٹ کرائم کی سرپرستی کرتے ہوئے ساری دنیا میں کھیلوں کے حوالہ سے مشہور مزدوروں کی بستی کو گینگ وار کے نام سے معروف کروایا۔

(جاری ہے)

اور اسی بنا اہلیان لیاری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد نبیل گبول کا لیاری میں داخلہ بند کردیا تھا جو اب تک جاری ہے۔ اور انشااللہ جاری رہے گا۔ حبیب جان نے سابق صدر زرداری پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زرداری نے نبیل گبول کو شامل کرنے سے پہلے اپنی پارٹی کی عہدیداروں اور کارکنوں سے رائے لینا بھی ضروری نہیں سمجھا۔

انہوں نے کہاکہ اہل لیاری زرداری اور نبیل گبول کے مظالم آج تک نہیں بھولے ہیں، انہوں نے متحدہ کے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر سینکڑوں معصوم بچوں اور نوجوانوں کا قتل عام کروایا ان لوگوں کے ہاتھ ہمارے معصوم بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ آج بھی اہل لیاری ہاتھ اٹھا اٹھا کر زرداری اور نبیل کو بد دعائیں دیتے ہیں۔ حبیب جان نے زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری والے کوئی مغل بادشاہوں کی فوج نہیں جو تمہارے فیصلوں پر آداب بجا لاتے رہیں۔

اہلیان لیاری اب پہلے سے اور زیادہ باشعور ہے ہم شہید بھٹو کی محبت کے مقروض ہیں لیکن کسی زرداری کے غلام نہیں جو ہر بات پر واہ سائیں واہ سائیں کرتے پاں پکڑتے نظر آئیں۔حبیب جان نے آرمی چیف، کور کمانڈر سمیت ڈی جی رینجرز سندھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زرداری نبیل گبول گٹھ جوڑ کا نوٹس لیا جائے دراصل زرداری لیاری میں اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے نبیل گبول اور ریاستی مشینری کے زریعے بزور طاقت حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ا ہم درخواست کرتے ہیں اہل لیاری کو ان کے مزموم مقاصد اور مظالم سے بچایا جائے۔ حبیب جان نے ساتھ ہی تمام مائوں اور بہنوں کے ساتھ ساتھ لیاری کے نوجوانوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ انشااللہ کسی بھی طالع آزما کو کراچی اور لیاری کے حقوق غضب نہیں کرنے دیں گے۔