Live Updates

عمران خان مقدمات میں اشہتاری ہیں ، انہیں لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور قانون کے مطابق زندگی گزارنے والوں کی زندگیوں میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی

مسلم لیگ(ن) کے رہنماء اوررکن پارلیمان نہال ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 23 فروری 2017 13:55

عمران خان مقدمات میں اشہتاری ہیں ، انہیں لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنماء اوررکن پارلیمان نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان مقدمات میں اشہتاری ہیں اور انہیں لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور قانون کے مطابق زندگی گزارنے والوں کی زندگیوں میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں جوبھی آتا ہے اسے نیک نیت اور صاف شفاف ہوکر آنا چاہئے، عمران خان عدالت عظمیٰ میں آنے سے پہلے ملک کی دیگر عدالتوں میں جاتے جہاں انہیں اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ آج عدالت عظمیٰ میں ایک پیٹشنر نہیں بلکہ ایک اشتہاری موجود ہے اور اس اشتہاری کو یہ یاد ہونا چاہئے کہ اس نے عدالت کے سامنے پارلیمنٹ، پی ٹی وی اور ڈی چوک میں توڑ پھوڑ کی ، پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا، قبریں کھودنے والوں کا ساتھ دیا، تھانوں میں موجود دہشت گردوں اور مجرموں کو آزاد کرانے کیلئے غنڈہ گردی کی اور دہشت پھیلائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ایسے ملزمان تھے جن کے خلاف پرچے کاٹے گئے اور پھر ان کے چالان ہوئے اور عدالتوں نے ان کے خلاف فیصلے دیئے۔ نہال ہاشمی نے کہا کی میڈیا عمران خان سے سوال کرے کیا وہ اشتہاری نہیں ہیں، اگر اشتہاری ہیں تو پہلے خود کو کلیئر کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اشتہاری اوردیگر اشتہاریوں میں کیا فرق ہے جو چوریاں کرتے ہیں ، قتل وغارت کرتے ہیں دونوں برابر ہیں اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے پوچھتے ہیں کہ کیا ایک اشتہاری کو یہ حق دیا جاسکتا ہے کہ وہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالے، کیا اشتہاری نیک نیتی سے عدالت عظمیٰ میں آیا ہے ، کیا ایک اشتہاری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے مستقبل سے کھیلے اور قانون پرعملدرآمد کرنے والے شہریوں کی پرسکون زندگی میں خلل ڈالے، اگر ایسا ہے تو پھرملک میں موجود تمام اشتہاریوں کو یہ اجازت دی جانی چاہئے کہ وہ کھلے عام پھریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :