سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کے حوالے سے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کرلیا

اہم نوعیت کا کیس ہے جس میں مختصر فیصلہ نہیں دیا جا سکتا ،عدالت

جمعرات 23 فروری 2017 13:37

سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کے حوالے سے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس کے حوالے سے مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جس کو بعد میں سنایا جائے گا۔ جمعرات کو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے جوابی دلائل مکمل کرلئے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے ایڈووکیٹ توفیق آصف نے دلائل دیئے۔ درخواست گذار عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے بھی عدالت کے روبرو کیس کے حوالے سے جوابی دلائل دیئے۔ عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو بھی بات کرنے کا موقع دیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شاہد حامد نے اس اہم ترین کیس کی سماعت کے حوالے سے بینچ کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں عدالت نے قرار دیا کہ یہ ایک اہم نوعیت کا کیس ہے جس میں مختصر فیصلہ نہیں دیا جا سکتا اس لئے اس کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جاتا ہے جس کو بعد میں سنایا جائے گا۔