دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی کیلئے اس کے بنیادی وجوہات پر غور کرنا ضروری ہے،طویل عرصہ سے جاری بحرانوں،طاقت کے غیرقانونی استعمال،غیر ملکی قبضہ،حق خودارادیت سے انکار،اورسماجی واقتصادی ناانصافیوں سے دہشت گردی کو فروغ مل رہاہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا جنرل اسمبلی کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب

جمعرات 23 فروری 2017 13:33

دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی کیلئے اس کے بنیادی وجوہات پر غور کرنا ضروری ..
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی کیلئے اس کے بنیادی وجوہات پر غور کرنا ضروری ہے۔انہوں نے یہ بات عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوئٹرس کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے نئے دفتر کی تجویز کے تناظر میں کہی ہے۔

گزشتہ روز جنرل اسمبلی کے غیررسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنیادی وجوہات کو نظر انداز کرنے کی صورت میں ہم صرف ’’علامات‘‘ سے جنگ کرتے ہیں ، پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہاہے کہ کہ طویل عرصہ سے جاری بحرانوں،طاقت کے غیرقانونی استعمال،غیر ملکی قبضہ،حق خودارادیت سے انکار،اورسماجی واقتصادی ناانصافیوں سے دہشت گردی کو فروغ مل رہاہے ،اسی تناظر میں دہشت گردی کو سیاسی پس منظر سے علیحدہ نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے ضمن میں نئے ڈھانچے کے قیام میں مکمل ممکنہ تعاون فراہم کریگا اوراس ضمن میں عالمی ادارے اورمختلف ممالک سے مل کر کام کیا جائیگا تاکہ مسائل کا بہتر حل تلاش کیا جاسکے۔انہوں نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کوششوں اوراقدامات کا تفصیل سے ذکرکیا اورکہاکہ پاکستان اس لعنت سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ، پاکستان آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔