Live Updates

عدالت عظمیٰ میں تحریک انصاف کے دلائل میں کوئی وزن نہیں، پاناما کیس اپنے انجام کی جانب بڑھ رہا ہے، فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، شارٹ کٹ اور پچھلے دروازے کی سیاست اپنے انجام کی جانب پہنچ چکی ہے، پی ٹی آئی کو وارداتوں کی عادت ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 23 فروری 2017 13:03

عدالت عظمیٰ میں تحریک انصاف کے دلائل میں کوئی وزن نہیں، پاناما کیس ..
اسلام آباد ۔ 23فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں تحریک انصاف کے دلائل میں کوئی وزن نہیں اور پاناما کیس اپنے انجام کی جانب بڑھ رہا ہے ، اس کیس کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پانامہ کیس اپنے انجام کی جانب بڑھ جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پٹیشنرزکی جانب سے گذشتہ چار برسوں میں مختلف قسم کے بیانات دیئے جاتے رہے ہیں تاہم آج پہلی مرتبہ مخالف وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے سچ کہا ہے کہ وہ عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ایک جانب کہتے ہیں کہ جو عدالتی فیصلہ آئیگا اسے قبول کیا جائیگا اور دوسری جانب عدالت کو دھمکانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

دانیال عزیز نے کہاکہ آج عدالت نے مختلف مواقع پر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جو اخباری تراشے اور ردی کے کاغذ جمع کئے جارہے ہیں وہ قابل سماعت نہیں اور فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ کسی ایک شخص کیلئے آئین میں ترمیم نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا رویہ مار دھاڑ اور قبریں کھودنا ہے اور عدالت میں کہا گیاکہ کہ یہ روایت قائم ہو چکی ہے کہ جس فریق کے خلاف فیصلہ آئے وہ عدالت کے باہر آکر عدالت اور فیصلے کے خلاف ہنگامہ آرائی اور آوازیں کستے ہیں ۔

دانیال عزیز نے کہا کہ پٹیشنرز کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست بے بنیاد ہے ۔ پی ٹی آئی کے موجودہ اور اس سے قبل وکیل کے دلائل سابق چیف جسٹس صاحب سن چکے ہیں ، اس پیٹشنرز کی جانب سے جمع کردہ تین جلدیں دلائل میں وزن نہ ہونے پر واپس لی گئی تھیں کیونکہ ان تمام ردی کے کاغذ میں لسی اور گجریلا بنانے کی ترکیبیں تھیں اور یہی وجہ ہے کہ جسٹس(ر) انور ظہیر جمالی صاحب نے کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی ۔

دانیال عزیر نے کہا جمہوریت کے خلاف سازش ناکام ہورہی ہے ، جن لوگوں کا سیاسی قد چھوٹا اور جھوٹے ہوتے ہیں انہیں جب جیک لگتا ہے تو پھر وہ کسی بڑے لیڈر کے قد کے برابر پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں ، جیک لگنے کا عمل پاکستان کی تاریخ میں بار بار پیش آیا ہے ، یہ اللہ کا کرم ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیخلاف سازش کو دوسری مرتبہ پست ہوتے دیکھ رہے ہیں اور آنے والے انتخابات میں عوام فیصلہ کرینگے کہ شارٹ کٹ اور پچھلے دروازے کی سیاست اپنے انجام کی جانب پہنچ چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک جمہوری حکومت نے دوسری منتخب جمہوری حکومت کو باضابطہ اقتدار منتقل کیا اور اب یہ تاریخ میں دوسری مرتبہ ہونے جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے معیشت اور خارجہ پالیسی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جبکہ اس کے مقابلہ میں پی ٹی آئی اوچھے اور کھوکھلے ہتھ کنڈوں والی جماعت ہے ، انہیں وارداتوں کی عادت ہے، پارلیمان میں عمران خان واحد پارلیمانی رہنماء ہیں جنہوں نے کبھی بجٹ تقریر نہیں کی تاہم ہر مرتبہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ضرور ڈالتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات