سید علی گیلانی کی طرف سے پیلٹ گن سے زخمی نوجوان کے جاں بحق ہونے پر رنج و غم کا اظہار

پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اورشہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا‘سید علی گیلانی

جمعرات 23 فروری 2017 12:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 5ماہ قبل پیلٹ لگنے سے زخمی ہونیوالے نوجوان وسیم محمد ٹھوکر کے جان بحق ہونے پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں پر براہ راست فائرنگ اور پیلٹ چلانے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نہتے کشمیریوں پر بدترین ظلم و تشدد میں ملوث اہلکاروں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ شہید نوجوان کے اہلخانہ کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اورشہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیلٹ گن کو اگرچہ ماہرین نے ایک مہلک ہتھیار قرار دیا ہے اور اس کے استعمال سے لوگ شہید اور عمر بھر کیلئے معذور ہورہے ہیں، تاہم جموںو کشمیر میں آج بھی اس کا بے دریغ استعمال جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیلٹ گن بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ادھر شہید ندیم خطیب کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سید علی گیلانی کی صدارت میں تحریک حریت کے صدر دفتر حیدرپورہ میں ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی ۔

اجلاس میں شہید ندیم خطیب کی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اجلاس میں پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، محمد یوسف مجاہد، عبدل حمید ماگرے اور ایاز اکبر نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام کشمیری شہداء خاص طورپر شہید ندیم خطیب کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دُعا کی گئی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ہماری قوم جن سرفروشوں اور جیالوں پر یقینی طور فخر کرسکتی ہے، ان میں شہید ندیم کا نام سر فہرست ہے اور ان کی شہادت سے ہماری تحریک کو ایک نیا عنوان حاصل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم شہداء کی مقروض ہے جو ہم پر جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کی بھاری ذمہ داری ڈال کر گئے ہیں۔دریںاثناء سید علی گیلانی نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے حوالے سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انسانی معاشروں میں مختلف زبانوں کے پائے جانے کو اللہ تبارک وتعالیٰ کی اہم نشانیوں میں سے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری زبان ہماری مادری زبان ہے اور اس کی ہمارے معاشرے میںخاص اہمیت ہے،تاہم ہمیں بحیثیت مسلمان عربی، اردو اور فارسی زبانوںکی بھی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں کشمیر ی زبان کو فروغ دینے کے علاوہ اپنے بچوں کو دوسری عالمی زبانوں کے علاوہ عربی، اردو اور فارسی سیکھانی چاہیے۔ سیدعلی گیلانی نے کشمیری زبان میں تصنیف وتالیف کے کام سے دلچسپی رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ اس زبان کو اپنی دینی شناخت، اخلاقی قدروں اور اعلیٰ سماجی روایات کو فروغ دینے کیلئے استعمال کریں اور اس زبان کو کشمیری قوم کی مزاحمتی تحریک کا ترجمان بنانے کی کوشش کریں۔