پنجاب میں رینجرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات حاصل ، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

بدھ 22 فروری 2017 21:13

پنجاب میں رینجرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات حاصل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت خصوصی اختیارات دے دیئے،رینجرز کو دو ماہ کیلئے کراچی کی طرز پر پنجاب میں کارروائیوں کا اختیار حاصل ہوگا۔بدھ کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر رینجرز کو پنجاب میں آپریشن کیلئے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت 60دن کیلئے خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں اور ان اختیارات کی مدت میں توسیع کی جاسکے گی،رینجرز دہشتگردوں کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرے گی،رینجرز کے پانچ ونگ کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کی گئی ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ،سیکرٹری داخلہ اورچیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب اور دیگرافسروں نے شرکت کی،رینجرز کو اختیارات کی سفارش پنجاب کی ایپکس کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی،اختیارات انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت 60دن کیلئے دیئے جارہے ہیں،رینجرز دہشتگردوں کے خلاف پولیس اور دوسرے اداروں کی معاونت کریں گے۔

اس موقع پر چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے،صوبوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہیں،دہشتگرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے ان کا تعاقب کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں،سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب،قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔…(خ م+آچ)

متعلقہ عنوان :