پانامہ کیس سپریم کورٹ میں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ‘ تحریک انصاف عدالتی کارروائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرتی ہے ‘ پی ٹی آئی کی قیادت اتنا جھوٹ بولتی ہے کہ وہ سچ لگنے لگتا ہے ‘ وزیر اعظم بغیر کسی عذر کے عدالتی کارروائی کا حصہ بنے مگر عدالتی کارروائی کا حلیہ بگاڑنا تحریک انصاف کا وطیرہ رہا ہے ‘ تحریک انصاف دبائو کے ذریعے عدالت سے فیصلہ لینا چاہتی ہے ، ہمیں یقین ہے فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق ہو گا، پانامہ کیس کو سیاسی مقدمہ بنانا تحریک انصاف کا ایجنڈا رہا ہے ، انوشہ رحمن والا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیاجائے گا ‘ بعض اوقات غلط فہمی ہو جاتی ہے

مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 22 فروری 2017 21:13

پانامہ کیس سپریم کورٹ میں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ‘ تحریک انصاف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما?ں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پانامہ کیس سپریم کورٹ میں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے ‘ تحریک انصاف عدالتی کارروائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرتی ہے ‘ پی ٹی آئی کی قیادت اتنا جھوٹ بولتی ہے کہ وہ سچ لگنے لگتا ہے ‘ وزیر اعظم بغیر کسی عذر کے عدالتی کارروائی کا حصہ بنے مگر عدالتی کارروائی کا حلیہ بگاڑنا تحریک انصاف کا وطیرہ رہا ہے ‘ تحریک انصاف دبا? کے ذریعے عدالت سے فیصلہ لینا چاہتی ہے مگر ہمیں یقین ہے کہ فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق ہو گا۔

پانامہ کیس کو سیاسی مقدمہ بنانا تحریک انصاف کا ایجنڈا رہا ہے ‘ کاش عمران خان خیبر پختونخوا میں کارکردگی دکھاتے اور ادارے مضبوط کرتے، انوشہ رحمن والے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیاجائے گا ‘ بعض اوقات غلط فہمی ہو جاتی ہے یہ ایسا مسئلہ نہیں ہے جو حل نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انوشہ رحمن اور صحافی والے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔

صحافیوں کی کسی قسم کی آزاری نہیں ہو گی۔ غلط فہمی ہو جاتی ہے یہ ایسا مسئلہ نہیں جو حل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ کیس سپریم کورٹ میں حتمی مرحل میں داخل ہو چکا ہے۔ امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ جلد آ جائے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہی ہو گا۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس سے متعلق حقائق مسخ کر کے پیش کر رہی ہے۔

تحریک انصاف نے پانامہ کیس میں چھوٹو گینگ والا رویہ اپنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیا اور کوئی قانونی سہارا نہیں لیا پانامہ کیس کو سیاسی رنگ دیا گیا اور غلط واویلا کیا گیا۔ تحریک انصاف کی جھوٹ پر مبنی میڈیا ٹاک کے جواب کیلئے نیوز کانفرنس کی جاتی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان پر لگے الزامات صاف ہو جائیں گے۔

عمران خان بتائیں کہ خیبر پختونخوا میں کونسا ادارہ ٹھیک کیا۔ چارسدہ پولیس نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے سے ملک کو ہونے والے نقصان سے سب آگاہ ہیں۔ بدقسمتی سے تحریک انصاف نے ملک کی کوئی خدمت نہیں کی۔ وزیر مملکت کیڈ نے کہاکہ اٹارنی جنرل عدالتی حکم پر کیس میں معاونت کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف نے سیاست میں وضع داری کی اولیت کو ختم کیا۔ و زیر اعظم نواز شریف ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ سے سرخرو ہوں گے۔ میں واضح کر دوں کہ حدیبیہ پیپر ملز کا کیس دو مرتبہ لاہور ہائی کورٹ سے ختم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری روکنے میں عمران خان نے کردار ادا کیا۔ وہ ترقی کے راستے میں رکاوٹ بننے کی بجائے ہمارا ساتھ دیں۔ رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ قوم کو پتہ ہے کہ کون احتساب کا نام لے کر اقتدار چاہتا ہے۔

وزیر اعظم نے پانانہ کیس پر خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ تحریک انصاف کا مقصد احتساب نہیں اقتدار ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پچھلے دس ماہ میں بار بار اپنا موقف تبدیل کر رہے ہیں جن کی کارکردگی زیرو ہے وہ نواز شریف کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ غیر محفوظ کہلانے والا پاکستان محفوظ ہو چکا ہے اور اس کی دنیا معترف ہے۔

وزیر اعظم کی زیر قیادت ملک میں ہونے والی مثبت تبدیلیاں سب کے سامنے ہیں۔ وزیر اعظم قصور وار ہوتے تو سپریم کورٹ کے سامنے پیش نہ ہوتے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار جھوٹے قرار دئیے جا چکے ہیں۔ عمران خان جانتے ہیں کہ وہ 2018ء کے الیکشن میں نواز شریف کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ کورٹ آف لاء کسی کی خواہش پر فیصلہ نہیں دیتی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان صاحب آپ عدالت سے اپنی مرضی کا فیصلہ نہیں لے سکتے۔ …(رانا)