کراچی اگر پورے ملک کو کما کر دے رہا ہے تو اس شہر کی قسمت بھی بدلنی چاہئے، میئر وسیم اختر

جب تک اچھے اورپڑھے لکھے لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے اور اپنے شہر کو نہیں سنواریں گے شہر کی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا

بدھ 22 فروری 2017 21:02

کراچی اگر پورے ملک کو کما کر دے رہا ہے تو اس شہر کی قسمت بھی بدلنی چاہئے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی اگر پورے ملک کو کما کر دے رہا ہے تو اس شہر کی قسمت بھی بدلنی چاہئے، جب تک اچھے اورپڑھے لکھے لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے اور اپنے شہر کو نہیں سنواریں گے شہر کی ترقی کا خواب ادھورا رہے گا، ہمارا کوئی سیاسی مفاد نہیں صرف خدمت کے جذبے کے تحت کوشش کر رہے ہیں کہ ہر شعبے میں بہتری لائیں ،میں خود ہر علاقے میں جا کر صورتحال درست کرنے کی کوشش کررہا ہوں اولڈ سٹی ایریا میں آباد لوگوں اور کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی فاروق کی قیادت میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس کے دکانداروں کے چھ رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے چریا چوک اور اس کے اطراف کے پی ٹی ، کسٹمز اور کے ایم سی کی طرف سے جاری سڑکوں کی مرمت و توسیع کے کام کی وجہ سے اپنی دکانیں متاثر ہونے کا مسئلہ بیان کیا اور اس کا کوئی بہتر حل نکالنے کی درخواست کی، اس موقع سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم کسی بھی فرد کو بے روزگار نہیں کرچاہتے کیونکہ ہم خود عوام میں سے ہیں اور کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے لوگوں کے مفادات پر ضرب پڑے انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اگر ان کی دکانیں وہاں سے ہٹائی گئیں تو متعلقہ ادارے کے ذریعے دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرائی جائے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں اور معاشی مشکلات کا شکار نہ ہوں، میئر کراچی نے کہا کہ ہم کراچی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر ہو اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں،شہر روشن ہو اور کاروباری سرگرمیاں عروج حاصل کریں، گزشتہ آٹھ سال کے دوران شہر کا بیڑہ غرق کردیا گیا، کے ایم سی کی زمینوں پر بااثر افراد نے قبضہ کرکے شادی ہال قائم کرلئے اور کھیلوں کے میدانوں اور پارکس تک کو نہیں چھوڑا گیا، اس شہر کے لئے میں تنہا کچھ نہیں کرسکتا اوراس کے لئے ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اور ہم شہر کی ترقی کے لئے ہر ایک کو ساتھ لے کر چلیں گے اور سیاست سے بالاتر ہو کر اس شہر کی خدمت کریں گے، انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا میں آباد لوگوں کی پاکستان بنانے میں قربانیاں لازوال ہیں، آج ہم جس آزاد وطن میں رہ رہے ہیں وہ انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔

کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ہم پاکستان کے اس اہم ترین شہر کی اہمیت کم نہیں ہونے دیں گے بلکہ یہاں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیں گے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایسے مثالی کام کریں گے جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہم سب مل کر اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نبھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :