منی ٹریل دینے میں ناکام وزیر اعظم مستعفی ہو جائیں‘ عوامی تحریک کی قومی کانفرنس میں متفقہ قرارداد

آخری دہشتگرد اور پناہ گاہ کے خاتمے تک رینجرز آپریشن اورماڈل ٹائون ،نیوز لیکس کمشنز رپورٹس پبلک کرنے کا مطالبہ قومی کانفرنس سے ڈاکٹر حسین محی الدین،میاں منظور وٹو ،چوہدری سرور،لیاقت بلوچ،چوہدری ظہیر الدین،بیگم عابدہ حسین کا خطاب

بدھ 22 فروری 2017 21:02

منی ٹریل دینے میں ناکام وزیر اعظم مستعفی ہو جائیں‘ عوامی تحریک کی قومی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ قومی کانفرنس کے شرکاء نے ایک متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لندن فلیٹس کی منی ٹریل دینے میں ناکام وزیر اعظم فی الفور اپنے عہدہ سے الگ ہو جائیں ۔قرارداد کے مطابق حکمران خاندان کے خلاف کارروائی نہ کر کے ایف آئی اے ،ایف بی آر اور نیب نے قانون ہاتھ میں لیا لہذا ان اداروں کے سربراہان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ رینجرز آپریشن صوبہ گیر ہونا چاہیے ،آخری دہشتگرد اور آخری پناہ گاہ کے خاتمے تک آپریشن جاری رہنا چاہیے۔قرارداد میںسانحہ ماڈل ٹائون جوڈیشل کمشن ،اور نیوز لیکس کمشن کی رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ کیا گیا،قرارداد میں چارسدہ،سانحہ مال روڈ اور سیہون شریف سمیت ہونیوالے دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ۔

(جاری ہے)

قومی کانفرنس کی صدارت عوامی تحریک کے سنیئر مرکزی رہنماء منہاج القرآن کے صد ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی ۔کانفرنس سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں منظور احمد وٹو،تحریک انصاف کے سنیئر رہنماء چوہدری محمد سرور ،جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،سنیئر سیاستدان بیگم عابدہ حسین ،ق لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین خان۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ،عوام لیگ کے صدر ریاض فتیانہ،حافظ غلام محی الدین اور سنیئر صحافی کالم نویس قیوم نظامی ،مجلس وحدت المسلمین کے رہنما اسد نقوی ، فیاض وڑائچ ،آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی رہنماء فاطمہ عاطف ملہی،شوکت قادری نے خطاب کیا ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے انجام دئیے ۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہاکہ کرپشن پاکستان کے ہر ادارے کو کھا گئی ہے ،حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ،خارجہ پالیسی کا یہ عالم ہے کہ چار ہمسائیہ ممالک میں سے تین کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں،شہدائے ماڈل ٹائون کے ساتھ ہونیوالے ظلم کا 28 ماہ بعد بھی انصاف نہیں ملا ،ظلم کی وجہ سے قائداعظم ؒکا پاکستان ٹوٹا اور بنگلہ دیش بنا۔

پانامہ لیکس کی ثابت شدہ کرپشن کو بھی ثابت کرنے کیلئے آگ اور خون کا دریا عبور کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے قومی کانفرنس میں شرکت پر سیاسی جماعتوں کے جملہ رہنمائوں کا سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے شکریہ ادا کیا ،میاں منظور احمد وٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارے حکمرانوں کے ذاتی ملازم بن چکے ہیں ،پنجاب سے میاں برادران کی چھٹی قومی مفاد میں ہے ،ماڈل ٹائون کا ظلم وزیر اعلیٰ کی ناک کے نیچے ہوئے ،ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے بعد فیصلے میں شریک جج نے اسے جوڈیشل مرڈر کہا ۔

نظریہ ضرورت نے سیاسی اخلاقیات کو دفن کیا ۔تحریک انصاف کے سنیئر رہنماء چوہدری سرور نے کہاکہ پنجاب میں آپریشن کا فیصلہ بہت پہلے ہونا چاہیے تھا ،ادارے سیاست زدہ ہو گئے جس کی وجہ سے دہشتگردی اور بد امنی عروج پر ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام اور پاکستان کو دہشتگردی کے داغ سے بچایا ۔بیگم عابدہ حسین نے خطاب میں کہاکہ پانامہ کیس اور جائیداد کے متعلق وزیر اعظم آج کے دن تک تسلی بخش جواب نہیں دے سکے ،شواہد بتاتے ہیں منی لانڈرنگ بھی ہوئی اور ٹیکس چوری بھی۔

عدالت عظمی کا بہت بڑا امتحان ہے ،امید ہے فیصلے سے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو مل کر جنگ لڑنا ہو گی ،دہشتگردی اور پاکستان اب ایک ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے ۔ہم سمجھتے ہیں جس نے بھی قومی خزانے کے ساتھ بے ایمانی کی ہے اس کا بلا تفریق احتساب ہوناچاہیے۔ق لیگ کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیرالدین نے کہاکہ جان ،مال،عزت کی حفاظت کیلئے پاکستان بنایا گیا تھا ورنہ نماز ،روزہ ،حج ،زکوة کی سہولت تقسیم سے پہلے بھی تھی۔

عوام بھی سوچیں کہ ایک سوراخ سے کب تک ڈسے جائو گے ۔انہوں نے کہاکہ یہ المیہ ہے کہ منہاج القرآن کے شہداء کو انصاف نہیں ملا جب تک یہ نظام رہے گا مظلوم کو انصاف نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس آنے کے بعد دنیا نے ہمارے وزیر اعظم کو دوروں کی دعوت دینا بند کر دی،سنیئر کالم نویس قیوم نظامی نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ عوامی تحریک دہشتگردی کے ایشو پر قومی کانفرنس منعقد کی ۔

20کروڑ عوام کا استحصال ہو رہا ہے،نوجوانوں کو اٹھنا ہو گا ،کرپٹ حکمران عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے حواریوں کو عمرے کرواتے ہیں۔دہشتگردی ختم کرنے کیلئے پولیس کو غیر سیاسی بنانا ہوگا ۔ریاض فتیانہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ایک بڑے سیاسی الائنس کی ضرورت ہے ،اپوزیشن کی تقسیم کا فائدہ حکمران اٹھا رہے ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر سربراہ عوامی تحریک کی 66 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور سربراہ عوامی تحریک کی صحت اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔