پانامہ لیکس میں میگاء کرپشن کے سیکنڈل ثابت او رمنظر عام پر آنے کے بعد حکمران ٹولہ بدحواس ہو چکا ہے ‘مخدوم احمد محمود

پنجاب میں (ن) لیگ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا ‘سابق گورنر پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 فروری 2017 21:02

پانامہ لیکس میں میگاء کرپشن کے سیکنڈل ثابت او رمنظر عام پر آنے کے بعد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ ہم پارٹی کارکنوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں کسی سے خوفزدہ ہونیو الے نہیں ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اورآئندہ بھی قربانی دینے کو تیار ہیں، جبکہ پنجاب کے حکمران ریاستی مشینری اور اپنے بدمعاشوں کو استعمال کر کے فساد کرتے ہیں، حکومت نے سیاسی مخالفین کو دبانا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، پنجاب میں (ن) لیگ نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو ہمیں سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا اور پھر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہو گی ۔

یہ بات نے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب کی قیادت قمر الزمان کائرہ، ندیم افضل چن، مصطفیٰ نواز کھوکھر، نتاشاء دولتانہ، اور عبدالقادر شاہین کے ہمراہ بہاولنگر ہارون آباد میں شوکت محمود بسراء کے مقتول سیکرٹری امتیاز کے گھر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ پوری قوم جانتی ہے کہ (ن) لیگ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور پانامہ لیکس میں میگاء کرپشن کے سکینڈل ثابت اور منظر عام پر آنے کے بعد یہ لوگ بدحواس ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات حکمرانوں کی کھلم کھلا بے بسی کا اظہار ہیں۔ حکمرانوں کی کرپشن نے ملک میں تباہی مچا رکھی ہے۔ قوم روٹی و روزی کی فکر میں دربدر ہے۔ نمائشی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔حکومت جمہوریت کی آڑ میںآمرانہ رویہ اختیار اور ملکی اداروں کو اپنی غلامی کی وجہ سے تباہ و برباد کر رہی ہے۔

عوام اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ پانامہ کیس پر حکومت اور عدلیہ کی ساکھ دائو پر لگی ہے۔ پانامہ کیس پیپلز پارٹی پر ہوتا تو اب تک گھر جا چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا سابقہ ریکارڈ کچھ اچھا نہیں۔ اب دیکھتے ہیں کہ پانامہ پر کیا فیصلہ آتا ہے انکا کہنا تھا کہ ملک میں ایک بار پھر دہشتگردی کی لہر اٹھی ہے اور حکومت کی اپنی صفوں میں موجود لوگ پولیس کو کام کرنے نہیں دے رہے۔ اس سے قبل مخدوم احمد محمود اور قمر الزمان کائرہ نے مقتول سیکرٹری امتیاز کے لواحقین کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 10 لاکھ کا امدادی چیک دیا اور بچوںکو تعلیم سمیت تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔