ملک بھر میں دہشت گردی کی بڑھتی کارروائیوں کے پیش نظر گلگت بلتستان میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ

گلگت بلتستان میں بھی دہشت گردی و تخریب کا ری کا احتمال ہے، ان مذموم کا رروائیوں سے علاقے امن امان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ، صوبے بھر میں دو ماہ کے لئے دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے،آئی جی

بدھ 22 فروری 2017 20:14

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) ملک بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے پیش نظر گلگت بلتستان میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے قانو ن نافذ کرنے والے اداروں اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامئے کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی دہشت گردی و تخریب کا ری کا احتمال ہے، ان مذموم کا رروائیوں سے گلگت بلتستان میں امن امان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے جس کے پیش نظرمحکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے ان رپورٹس کی روشنی میں صوبے بھر میں دو ماہ کے لیئے دفعہ 144کا نفاذ کر دیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

اس قانون کے تحت صوبے بھر میں جلسے جلوسوں ، احتجاجی ریلیوں اور عوامی مقامات پر اجتماعات کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دفعہ 144کے نفاز کے بعد لاوڈ سپیکر کے استعمال، نعرے بازی جس سے اشتعال بھیلنے کا اندیشہ ہو اور ہتھیاروں کی سر عام نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ادارے کسی بھی قسم کی قانون شکنی کی صورت میں سخت ترین قانونی و تادیبی کارروائی کرنے کے مجاز ہونگے اور شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنا نا ہے تاکہ شر پسند وں کو کسی بھی طرح کی تخریبی کارروائی کرنے کا موقع نہ مل سکے۔