قائمہ کمیٹی نے آئندہ مالی سال کیلئے آزادکشمیر میں 22ارب اور گلگت بلتستان کیلئے 15ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی

گزشتہ مال سال کی نسبت آزادکشمیر 10 ارب اور گلگت بلتستان کیلئے 6 ارب روپے کے اضافی فنڈز منظور

بدھ 22 فروری 2017 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے آئندہ مالی سال 2017-18کیلئے آزادکشمیر میں 22ارب روپے کے پی ایس ڈی پی منصوبوں اور گلگت بلتستان کیلئے 15ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی،گزشتہ مال سال کی نسبت آزادکشمیر کیلئے آئندہ مالی سال کیلئے 10 ارب اور گلگت بلتستان کیلئے چھ ارب کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔

بدھ کو کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین جارج خلیل کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان جنید اکبر،چوہدری عابد رضا،عبدالغفار ڈوگر،بابر نواز خان،آسیہ ناز تنولی،شمس النسا سمیت سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان پیر بخش جمالی و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کشمیر افیئرز نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اٹھوعہ ہریام پل کیلئے مزید دو ارب روپے کی گرانٹ کی سمری وزیراعظم کو منظوری کیلئے بھجوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں 67ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،2016-17 کیلئے 12 ارب کے منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی جن میں سے جاری منصوبوں کیلئے 10.386ارب روپے اور نئے منصوبوں کیلئے 1.614ارب روپے مختص کیے گئے تھے،2017-18کیلئے جاری منصوبوں کیلئے 19.717ارب روپے جبکہ نئے منصوبوں کیلئے 2.282 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔گلگت بلتستان کے سیکرٹری پلاننگ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گذشتہ سال گلگت بلتستان کو 9ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا گیا تھا جبکہ اس سال 15ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تجویز دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں ہے اس لیے مقامی پیداوار کے ذریعے بجلی کی ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔سیکرٹری کشمیر افیئرز نے کہا کہ جی بی میں 300میگاواٹ بجلی کی طلب ہے جبکہ پیداواری گنجائش 145میگاواٹ اور حقیقی پیداوار صڑف 125میگاواٹ ہے، اس طرح علاقے کو تقریباً 150 سی 200 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے جسے پورا کرنے کیلئے منصوبے بنائے گئے ہیں،180میگاواٹ کے دو منصوبے سی پیک میں شامل کیے جارہے ہیں جبکہ 90 میگاواٹ کے متعدد منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری وزیراعظم نوازشریف نے دیدی ہے،پی ایس ڈی پی منصوبوں اور تفصیلی غور و خوص کے بعد کمیٹی نے آئندہ مالی سال آزادکشمیر کیلئے 22ارب اور جی بی کیلئے 15ارب کے پی ایس ڈی منصوبوں کی منظوری دیدی۔

…(خ م+ع ع)