پہلے فاٹا کے نہتے شہریوں پر بمباری کی گئی، پورے صوبے کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکا گیا،پنجاب پولیس کا یہ اقدام پختون قوم کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہے،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان کابیان

بدھ 22 فروری 2017 20:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے ضلع منڈی بہاؤالدین پولیس کی طرف سے پختونوں کے خلاف پریس ریلیز جاری کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے فاٹا کے نہتے شہریوں پر بمباری کی گئی ۔ پورے صوبے خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کی آگ میں جھونکا گیا دہشت گردی کے نام پر پختونوں کو بے گھر کیا گیا۔

پنجاب پولیس کا یہ اقدام پختون قوم کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہے ۔ جس کے تحت پختون قوم کی تذلیل کی جارہی ہے جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ۔ پختونوں کے خلاف منظم سازش کے ذریعے مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے آپ کو پاکستانی شہری سمجھنا بند کریں ۔ ایک مخصوص قومیت کی اجادارانہ ذہنیت نے پہلے ہی قوم اور ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

(جاری ہے)

جس کی تلافی کرنے کی بجائے ایک بار پھر قوموں کو تقسیم کرکے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے ایجنڈے پر کام شروع کردیا گیا ہے جس کے نتائج کسی بھی طرح ملک و قوم کے لیے اچھے نہیں نکلیں گے۔ زاہد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ پختونوں کے بلاک کردہ شناختی کارڈ فی الفور بحال کیے جائیں ۔پختونوں کو بھی آئین پاکستان میں دیئے گئے برابرشہریوں کے مساوی حقوق فراہم کیے جائیں۔ زاہد خان نے کہا ہے کہ پختونوں کے خلاف جاری زہریلی پروپیگنڈا مہم فی الفور بند نہ کی گئی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو ا ے این پی یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوگی کہ اس قوم دشمن مہم کو سرکاری سرپر ستی حاصل ہے ۔

متعلقہ عنوان :