سماجی شعبہ میں جاپان کا تعاون قابل تحسین ہے، گورنر سندھ محمد زبیر عمر

بدھ 22 فروری 2017 19:00

سماجی شعبہ میں جاپان کا تعاون قابل تحسین ہے، گورنر سندھ محمد زبیر عمر
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے جاپان کے قونصل جنرل توشی کازو ایسو مورا نے گورنر ہائوس میں ملاقا ت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مشترکہ سرمایہ کاری، مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر جاپان کے تعاون سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک جاپان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں، جاپان نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی بھرپور اخلاقی مدد کی دوطرفہ پاک جاپان تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، صوبہ میں سماجی شعبہ کی ترقی میں جاپان کا تعاون قابل تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس شہر کی اہمیت کو مزید اجاگر کر رہی ہے، خطہ کے اہم مقام پر ہونے اور پرکشش حیثیت کے باعث جاپان سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاربھی کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اقتصادی شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ان کی موثر اور مربوط پالیسی کے باعث ہی صوبہ سندھ سمیت پورے ملک میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ خطہ میں غربت و بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے بیرونی سرمایہ کاری انتہائی ناگزیز ہے، جاپان کے سرمایہ کار صوبہ میں سرمایہ کاری کرکے اس کی پرکشش اہمیت سے بھرپور فائدہ حاصل کریں۔ ملاقات میں جاپان کے قونصل جنرل توشی کازو ایسو مورانے گورنر سندھ کو بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد پاکستان میں امن و امان قائم ہوا جس کا اعتراف دیگر ممالک سمیت جاپان بھی کرتا ہے جبکہ سرمایہ کاری کے لئے صوبہ با الخصوص کراچی آئیڈیل شہر ہے جاپان کے سرمایہ کار صوبہ میں سماجی شعبہ، انرجی سیکٹر ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :