شنگھائی الیکٹرک پاورکا کے الیکٹرک سے معاہدہ عوام کے بہتر مفاد میں ہے، گورنر سندھ

کمپنی تجربہ کا رہے ،صارفین کو بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری آئیگی ،حکومت چین کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور سیکیورٹی بھی فراہم کریگی، محمد زبیر کراچی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں شنگھائی الیکٹرک پاور کے چیئر مین وانگ یون ڈان کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں اظہار خیال

بدھ 22 فروری 2017 18:31

شنگھائی الیکٹرک پاورکا کے الیکٹرک سے معاہدہ عوام کے بہتر مفاد میں ہے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین لا زوال دوستی ہمالیہ کے پہاڑ سے بلند اور سمندر کی گہرائی سے بھی زیادہ گہری ہے ، چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ، پاک چین عوام کو دونوں ممالک کی بے مثال دوستی پر فخر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں شنگھائی الیکٹرک پاور کے ایک وفد سے گفتگو میں کیا۔

وفد کی قیادت شنگھائی الیکٹرک پاور کے چیئر مین وانگ یون ڈان (Wong Youn Dan)کررہے تھے ۔ ملاقات میںشنگھائی الیکٹرک پاورکے چیئر مین نے گورنر سندھ کو کے الیکٹرک(K-Electric) معاہدہ، پاور جنریشن، جدید طریقہ سے توانائی کے حصول اور پاور سپلائی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ شنگھائی الیکٹرک پاور ایک تجربہ کا ر کمپنی ہے جس کا کے الیکٹرک سنبھالنے کا معاہدہ عوام کے لئے ایک اچھی خبر ہے اس سے صارفین کو بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری نظر آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اقتصادی شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ان کی پالیسیوں کے باعث ہی سرمایہ کاری میں مزید نمایاں مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور سیکیورٹی بھی فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کار آزادانہ ماحول میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی پرکشش اہمیت کا حامل شہر ہے یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی دستیاب ہیں سازگار ماحول ، کم لاگت تعلیم یافتہ و تجربہ کار ہیومن ریسورس اور حکومتی تعاون سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل ہے اس ضمن میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع بھی موجود ہیں ۔

شنگھائی الیکٹرک پاورکے چیئر مین وانگ یون ڈان Wong Youn Dan))نے گورنر سندھ کو بتایا کہ شنگھائی الیکٹرک پاورکمپنی نہ صرف بجلی کی فراہمی کرے گی بلکہ کراچی میں سماجی کاموں پر بھی بھرپور توجہ دے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ چیئر مین وانگ یون ڈان Wong Youn Dan))نے تعاون فراہم کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔