پاکستان محفوظ ایٹمی قوت ہے،دہشتگردی کیخلاف قومی یکجہتی اشدضرورت ہے،ڈاکٹرعبدالقدیرخان

ذوالفقارعلی بھٹو باصلاحیت لیڈرتھے،ہم نے مل کراقدامات کئے،قوم کے پیارکانعم البدل پوری دنیاکی دولت بھی نہیں ہوسکتی،بھارت اب پاکستان کی سرحدوں کی طرف میلی آنکھ سےدیکھ بھی نہیں سکتا،ایٹمی سائنسدان کاعلی زئی فاوٴنڈیشن انٹرنیشنل کےزیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سےخطاب،نئےجوڑوں کومبارکباد دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 فروری 2017 17:39

پاکستان محفوظ ایٹمی قوت ہے،دہشتگردی کیخلاف قومی یکجہتی اشدضرورت ہے،ڈاکٹرعبدالقدیرخان
حضرو اٹک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔22فروری2017ء) : محسن پاکستان ، فخر عالم اسلام ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ قوم مطمئن رہے پاکستان محفوظ ایٹمی قوت ہے اس کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،موجودہ حالات اور دہشتگردی کی نئی لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ، ذوالفقارعلی بھٹو باصلاحیت لیڈر تھے جو مجھے پاکستان لائے اور ہم نے مل کر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے اقدامات کئے ،پاکستان کو مضبوط ومستحکم بنانے کی خاطر یورپ کی عیش وعشرت کی زندگی چھوڑ کر پاکستان آیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر عالم اسلام کا ایک ناقابل تسخیر قلعہ بنا دیا ،اپنی بساط کے مطابق وطن عزیز اور قوم کی خدمت کی جس پر خوش ہوں ،پاکستانی قوم کی طرف سے ملنے والے پیار کا نعم البدل پوری دنیا کی دولت بھی نہیں ہو سکتی ،وہ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں میں علی زئی فاؤنڈیشن انٹر نیشنل (رجسٹر ڈ ) کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خصوصی خطاب کر رہے تھے، تقریب کا اہتمام فاؤنڈیشن کے چیئر مین نسیم خان علی زئی نے کیا تھا، صدارت ملک کے نامور صحافی جاوید صدیق نے کی جبکہ کمپیئرنگ کے فرائض معروف صحافی نثار علی خان نے خوبصورتی سے انجام دئیے جنہوں نے علی زئی فاوٴنڈیشن انٹرنیشنل کے اغراض و مقاصد اور خدمات پر روشنی ڈالی، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے مزید کہا کہ جو دشمن ہمیں للکار کر کہا کرتا تھا کہ ہم کشمیر پر قبضہ کر لیں گے ،ہم فلاں جگہ پر قبضہ کر لیں گے مگر پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے بعد دشمن ہماری سر حدوں کی طرف بھی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ، محسن پاکستان نے علی زئی فاوٴنڈیشن انٹرنیشنل کے قیام اور فلاحی سرگرمیوں پر بانی و چیئرمین نسیم خان علی زئی کی کاوشوں کو سراہااور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں میں شریک نئے جوڑوں کو شادی کی مبارکباد دی ، سٹیج سیکرٹری نمائندہ اردو پوائنٹ نثار علی خان نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور نامور صحافی و تجزیہ کار جاوید صدیق کو ان کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیابعد ازاں ممتاز صحافی جاوید صدیق نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان پاکستانی قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم کو اپنے محسن پر ناز ہے، انہوں نے کہا کہ جب 1998میں ایٹمی دھماکے کئے گئے تو پوری دنیا کے اسلامی ملکوں کے سربراہوں نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کو اپنا ہیرو تسلیم کیا،جاوید صدیق نے علی زئی فاوٴنڈیشن انٹرنیشنل کے فلاحی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ اندھیرے میں روشنی کی ایک کرن ہے ، میزبان نسیم خان علی زئی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان قائد اعظم ثانی ہیں وہ محسن پاکستان نہیں بلکہ محسن اسلام ہیں ہمیں ان پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنی عیش وعشرت کی زندگی کو چھوڑ کر پاکستان و قوم کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا مگر بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جو مقام ڈاکٹر عبد القدیر خان کو ملنا چایئے تھا انہیں وہ مقام نہیں دیا گیا اور نہ ہی ان کی صلاحیتوں سے مزید فائدہ اٹھایا جاسکا انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہمارے سیاستدان آنکھیں کھول کر محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا ئیں اور انہیں انہیں جائز مقام دیں، یاد رہے اجتماعی شادیوں کی تقریب میں پندرہ جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو ئے جنہیں جہیز کا مکمل سامان علی زئی فاؤنڈیشن انٹر نیشنل کی طرف سے دیا گیااور ان کے رشتہ داروں کو ایک پرتکلف دعوت بھی دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :