پاکستان کی تعمیر و ترقی ہمارا خواب ہے، کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ووٹ کے لئے عوام کے پاس جائیں گے ، پی ٹی آئی کا سونامی تعمیر و ترقی میں بہہ جائے گا،1320 میگا واٹ پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر 80 فیصد کام ہوچکاہے ، 660 میگاواٹ ستمبر جبکہ جنوری 2018ء تک دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا

وزیر مملکت عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 فروری 2017 17:32

پاکستان کی تعمیر و ترقی ہمارا خواب ہے، کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) وزیرمملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی ہمارا خواب ہے، کارکردگی کی بنیاد پر 2018ء میں ووٹ کے لئے عوام کے پاس جائیں گے،پی ٹی آئی کا سونامی تعمیر و ترقی میں بہہ جائے گا، پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر 80 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ،1320 میگا واٹ پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر 80 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے ، 660 میگاواٹ ستمبر جبکہ جنوری 2018ء تک دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ 1320 میگا واٹ کے پورٹ قاسم پاور پلانٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا نے پاورپلانٹ کی تعمیر کے لئے 48 ماہ کا وقت دیا تھا لیکن 80 فیصد کام 21 ماہ کے قلیل اور ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاورپلانٹ کے 660 میگا واٹ ستمبر2017ء جبکہ باقی 660 میگا واٹ جنوری 2018ء تک مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا واحد پاورپلانٹ ہے جو ایک ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹ کے لئے 10 ماہ کے قلیل مدت میں 280 میٹر جے ٹی بھی تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انقلابی اقدام وزیراعظم محمد نوازشریف کے حکومت نے اٹھایا ہے اور اس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن کا کام مئی 2017 ء تک مکمل کرکے نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا اور اس کے بعد ٹیسٹنگ کا کام شروع ہو جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تھے تو اس وقت بجلی کی پیدوار 13 ہزار میگا واٹ تھی جبکہ ہم نے پاور پلانٹ کے پیداواری صلاحیتوں کو بڑھایا اور آج 17 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی آئی ہے اور یہ دورانیہ مزید کم ہوگا ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ 1999ء کے بعد جو حکومتیں آئی انہوں نہ تو ٹرانسمیشن پر کوئی کام کیا اور نہ ہی بجلی کی پیدوار پر کوئی کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے لوگ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تھے لیکن آج صنعتوں کو لوڈ شیڈنگ سے مسثنی کر دیا گیا ہے اور وہاں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ہے اور مجموعی طور پر بھی لوڈ شینڈنگ کے دورانیہ میں کمی آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا خواب تعمیر و ترقی کا ہے جو جتنی چاہے رکاوٹیں ڈالے پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو لوٹا ہے اور جنہوں نے دھرنے دیئے ہیں عوام ان سے پوچھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کے ساتھ کام ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کام کی بنیاد پر 2018ء کے الیکشن میں عوام سے ووٹ مانگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے موجودہ دور حکومت میں عالمی ادارے کرپشن میں کمی کا اعتراف کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کراچی سمیت سندھ سے نشستیں جیتے گی۔ وزیرمملکت نے کہا کہ لاڑکانہ پر 90 ارب روپے خرچ کرنے کا کہا گیا ہے لیکن شہر کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے ، وفاقی حکومت نے کراچی کے عوام کے لئے گرین لائن بس منصوبہ، موٹروے سمیت کئی منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہوں نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا ۔ بجلی منقطع کرنے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی ان لوگوں کو ملے گی جو وقت پر بل ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بجلی کے واجبات ادا کردیں۔وزیر مملکت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جہانگیر ترین کے غلط کاموں کا دفاع کر رہے ہیں۔