پاکستان افغانستان کو مخلص دوست سمجھتا ہے، امن، ترقی و خوشحالی کیلئے اس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، خطہ میں امن افغانستان میں امن سے وابستہ ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی کیڈٹ کالج حسن ابدال کے کیڈٹس سے بات چیت

بدھ 22 فروری 2017 17:27

پاکستان افغانستان کو مخلص دوست سمجھتا ہے، امن، ترقی و خوشحالی کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کو ایک مخلص دوست سمجھتا ہے، امن، ترقی و خوشحالی کیلئے اس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے، افغانستان کو غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو مسترد کر دینا چاہئے، خطہ میں امن افغانستان میں امن سے وابستہ ہے۔ وہ بدھ کو کیڈٹ کالج حسن ابدال کے کیڈٹس سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے لیکن بھارت کو بھی اس حوالہ سے تعاون کرنا چاہئے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری مظالم کے حوالہ سے صدر مملکت نے کہا کہ کشمیریوں کی نئی نسل کی جانب سے دی گئی قربانیوں نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کو ترقی و خوشحالی کے سفر میں شامل کرنا چاہتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پائیدار قومی ترقی کیلئے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے اور ملک سے دہشت گردی کی نئی لہر کو کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے اور امید ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے احتساب سے ہی قومی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، ملک سے بدعنوانی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے انسداد بدعنوانی کے سخت قوانین کا نفاذ یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران کرپشن کا کوئی ایک واقعہ بھی پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ رواں صدی کی یادگار ہے جو پورے خطہ کی تقدیر بدل دے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ترقی و استحکام جمہوری عمل کے تسلسل سے وابستہ ہے کیونکہ جمہوری نظام سے انحراف کے نتیجہ میں ہمیشہ ملک کا نقصان ہوا ہے، ملک کو درپیش مسائل قومی معاملات کو آئین کی روشنی میں چلانے سے حل ہو سکتے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ قومی ترقی کیلئے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کی فراہمی پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہئے، نئی نسل کو قومی ثقافت اور شناخت کو فروغ دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی قیادت کا معیار قوم کی ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ خدمت کرنا ہے، ملکی قیادت کو نئی نسل کیلئے رول ماڈل کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو گی بلکہ دیگر کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے بھی یہاں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال مادر وطن کے دفاع اور خدمت کیلئے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کالج جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی جاری رکھے گا۔