کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کیلئے رقم مختص کرنے کی منظوری دیدی

ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹس کے منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ کی اجازت، پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ کو وائنڈ اپ کرنے کیلئے ایکویٹی شیئر کے طور پر 12 ملین روپے ادا کرنے کی منظوری، نگرانی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

بدھ 22 فروری 2017 17:00

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کیلئے رقم مختص کرنے کی منظوری دیدی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اقتصادی امور ڈویژن کی سمری پر ای سی سی نے ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کیلئے 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مساوی فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی۔

اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے قائم کیے گئے اس فنڈ کا مقصد آفات کے خطرات میں معاونت کیلئے حکومتی سرپرستی میں مالی انتظام کرنا ہے تاکہ قدرتی آفات کے خلاف ملکی استعداد کو بڑھایا جا سکے۔ اس سلسلہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے 1.2 ارب ڈالر قرضہ کے طور پر معاونت کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

اقتصادی امور ڈویژن اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے مجموعی رقم کی پہلی قسط کے طور پر 200 ملین ڈالر کے قرضہ کے معاہدہ پر 2 دسمبر 2016ء کو دستخط کئے تھے۔

ای سی سی نے نیپرا کی سمری پر ٹرانسمیشن پالیسی 2015ء کے تحت ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹس کے منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ کی اجازت دیدی۔ ای سی سی نے پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ کو وائنڈ اپ (ختم) کرنے کے عمل میں سہولت دینے کے سلسلہ میں واجبات اور مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے حکومت پاکستان کے ایکویٹی شیئر کے طور پر 12 ملین روپے ادا کرنے کی منظوری دی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے اس عمل کی بلاتعطل تکمیل کی نگرانی کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون کے علاوہ نیشنل بینک، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نمائندوں اور پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پر مشتمل ہے۔

متعلقہ عنوان :