Live Updates

پی ٹی آئی نےپولیس کوغیرسیاسی بنانےکا”پولیس بل2017“پنجاب اسمبلی میں جمع کرادیا

پولیس بل عمران خان کی ہدایت پرمیاں محمودالرشید نےجمع کروایا،بل کی منظوری کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں اورحکومت پنجاب سے بھی بات کی جائیگی۔اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 فروری 2017 16:40

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22فروری2017ء) : تحریک انصاف نے پولیس کو غیر سیاسی اور با اختیار بنانے کا ” پولیس بل2017ء“ پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیا، بل سربراہ تحریک انصاف کی ہدایت پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے جمع کرایا، بل جمع کرانے کے بعد قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بل کے نکات پر روشنی ڈالی، انکا کہنا تھا کہ بل قطعی طور پر سیاسی نہیں، اسکی منظوری عوام اور ایک اہم ریاستی ادارے کے بہترین مفاد میں ہے اس لئے بل کی منظوری کیلئے نہ صرف دیگر سیاسی جماعتوں بلکہ حکومت پنجاب سے بھی بات کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس با صلاحیت ضرور ہے لیکن ادارے کے پیشہ وارانہ امور کی بہترین انداز میں سرانجام دہی میں حکمران رکاوٹ ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ پولیس نظام ناقص ہے جبکہ کے پی کے میں پولیس نظام دنیا کے بہترین نظام ہے، جمع کرائے جانے والے بل کا مقصد یہ ہے کہ پولیس سے متعلق ایک جامع صوبائی قانون بنایا جائے جبکہ پولیس آرڈر2002ء ایک وفاقی قانون ہے جسے پنجاب نے با اختیار ہونے کے باوجودadoptکیا، پولیس آرڈر2002ء ایک آمرانہ دور میں جاری کردہ آرڈیننس ہے، ہمارے بل کا ایک بڑا مقصد پولیس کو با اختیار اور غیر سیاسی ادارہ بنانا ہے جو کہ عوام کو بذریعہ جمہوری اداروں کے ذریعے جواب دہ ہو اور پولیس اندرونی طور پر موثر اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہو۔

(جاری ہے)

میاں محمود الر شید نے کہا کہ بل کے سیکشن10میں ایک پولیس بورڈ کی تشکیل کا بھی ذکر کیا گیا جو آٹھ سینئر افسروں پر مشتمل ہو گی، یہ بورڈ پولیس کی کارکردگی بڑھانے کیلئے حکمت عملی مرتب کرکے اپنی سفارشات پولیس سربراہ کو دیگا، بل پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ سیکشن47میں وضاحت سے ضلعی سطح پر پبلک لائزن کونسلر ز کا یونین کونسل کی سطح پر قیام ہے جسکے ممبران منتخب نمائندے اور اور اعلیٰ کردار کے حامل افراد ہونگے۔

میاں محمود الر شید نے کہا کہ بل کا مقصد پنجاب پولیس کو ” حکمران مافیا“ سے نجات اور عوام کو 100فیصد تحفظ فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اداروں کو با اختیار اور سیاسی اثر و رسوخ سے پاک بنایا جائے تا کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم ہو سکے۔بل پر رکن صوبائی اسمبلی سبطین خان، شعیب صدیقی، میاں اسلم اقبال، احمد خان بچھڑ، آصف محمود، ملک تیمور مسعود، راجہ راشد حفیظ، ڈاکٹر صلاح الدین، شیخ خرم شہزاد، ڈاکٹر مراد راس، مسعود شفقت، ظہیر الدین، جاوید اختر انصاری، حاجی وحید اصغر ڈوگر، جہانزیب خان کچھی، عبدالمجید نیازی، ممتاز احمد مہاروی، نگہت انتصار، سردار احمد علی دریشک، سردار علی رضا دریشک، سعدیہ سہیل، ڈاکٹر نوشین حامد، راحیلہ انوار، نبیلہ حاکم علی، ناہید نعیم، شنیلا روتھ، اعجاز بخاری، عارف عباسی و دیگر نے دستخط کئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات