آرمی چیف کی زیر صدارت لاہور میں سکیورٹی اجلاس۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 فروری 2017 16:26

لاہور (اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2017ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت اس اجلاس میں ڈی جی رینجرز، پنجاب میں تعینات تمام کور کمانڈرز سمیت اںتیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شریک ہیں۔ اجلاس میں پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز شریک تھے ۔

اجلاس میں ملک میں جاری دہشتگردی کی حالیہ لہر اور دہشتگردوں سے نبردآزما ہونے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ۔جن کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا ۔ آرمی چیف کی زیر صدارت اس اجلاس میں غیر ملکیوں کے ساتھ دہشتگردوں کے مبینہ رابطوں پر بھی غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مردم شماری کے دوران پنجاب میں فوج کے کردار اور سکیورٹی کو فول پروف بنانے میں پاک فوج کے بھر پور تعاون کو یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس اجلاس میں جنوبی پنجاب سمیت پنجاب کے حساس اضلاع میں رینجرز کی متوقع کارراوائیوں سے متعلق حکمت عملی بھی تیار کی گئی ۔ مزید برآں آرمی چیف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اس سکیورٹی اجلاس میں آئندہ ماہ لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل کی سکیورٹی سے متعلق بھی امور زیر غورلائے گئے۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں دہشتگردوں کے خلاف اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے آپریشنز کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیل جلد جاری کی جائے گی۔