پانامہ کیس ، سپریم کورٹ میں انوشہ رحمان کوصحافی کا موبائل چھیننا مہنگا پڑگیا ، صحافیوں کا شدید احتجاج

انوشہ رحمن سے معافی کا مطالبہ، انوشہ رحمن نے ایف آئی اے کے ذریعے جیل بھیجنے کی دھمکیاں دیں،اعظم گل سپریم کورٹ کے باہر تھا ، انوشہ رحمن کمرہ عدالت سے ہو کر آئیں،مجھے سماعت پر بریفنگ دینا شروع کردی تواعظم گل نے موبائل فون پر ہماری ویڈ یو بنائی جسے دیکھ کر انوشہ رحمان نے موبائل چھین لیا، انوشہ رحمن نے موبائل ویڈ یو ڈیلیٹ کر کے اعظم گل کے حوالے کردیا ،سعد رفیق

بدھ 22 فروری 2017 16:45

پانامہ کیس ، سپریم کورٹ میں انوشہ رحمان کوصحافی کا موبائل چھیننا مہنگا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) سپریم کورٹ میں پانا مہ کیس کی سماعت کے بعد وزیر ریلوے سعد رفیق اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کی فوٹیج بنانے پر انوشہ رحمن نے صحافی کا موبائل چھین لیا ‘ واقعے پر صحافی برادری کا شدید احتجاج‘ انوشہ رحمن سے معافی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پا نا مہ لیکس سماعت کے بعد سپریم کورٹ میں وزیر ریلو ے سعد رفیق میڈ یا ڈائس پر گفتگو کرنے کے لئے آئے تو صحافیوں نے احتجاج شروع کردیا جس پر وزیر ریلوے نے نجی ٹی وی چینل کے صحافی اعظم گل کو بات کرنے کا موقع دیا جس پر انہوں نے بتا یا کہ انوشہ رحمان نے میرا موبائل چھین لیا اور مجھے دھمکیاں دیں ۔

صحافی نے کہا کہ انوشہ رحمن نے ایف آئی اے کے ذریعے جیل بھیجنے کی دھمکیاں بھی دیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعد رفیق نے بتا یا کہ میں سپریم کورٹ کے باہر تھا اور انوشہ رحمن کمرہ عدالت سے ہو کر آئیں اور مجھے سماعت پر بریفنگ دینا شروع کردی ،اس دوران اعظم گل نے موبائل فون پر ہماری ویڈ یو بنائی جسے دیکھ کر انوشہ رحمان نے موبائل چھین لیا ۔سعد رفیق نے بتا یا کہ انوشہ رحمن نے میرے کہنے پر موبائل سے ہماری گفتگو کی ویڈ یو ڈیلیٹ کر کے موبائل اعظم گل کے حوالے کردیا ۔

اس معاملے پر صحافی برداری نے شدید احتجاج کیا ‘ نعرے لگائے اور انوشہ رحمن سے معافی کا مطالبہ کیا۔ اس دوران وزیر اطلاعات مریم اونگزیب نے صحافیوں کو اپنے آفس آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسئلہ ہے مل بیٹھ کر حل کرلیتے ہیں۔ یہ کوئی مسئلے کا حل نہیں جو آپ لوگ کررہے ہیں تاہم اس کے باوجود صحافیوں نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔