وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی

حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انکا تعاقب کیا جائے گا،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

بدھ 22 فروری 2017 16:39

وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ بدھ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کے سفارش صوبے کی ایپکس کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔ اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 60 دن کے لئے دیئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مدت تعیناتی اور دیئے گئے اختیارات کے تحت رینجرز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کرے گی۔ وزیرد اخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں صوبوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔

انہو ں نے کہا کہ دہشت گرد اور انکے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انکا تعاقب کیا جائے گا اور انکو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔