وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دیدی

رینجرز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کریں گے حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے ،ْ صوبوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے ،ْوزیر داخلہ دہشتگرد اور انکے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انکا تعاقب کیا جائے گا اور انکو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا ،ْچوہدری نثار علی خان

بدھ 22 فروری 2017 16:36

وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دیدی ۔ بدھ کو یہ فیصلہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں ہوا ۔ اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔

پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کے سفارش صوبے کی ایپکس کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی جس کی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دیدی ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ساٹھ دن کے لیے دیے جا رہے ہیں یہ مدت تعیناتی اور دئیے گئے اختیارات کے تحت رینجرز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں صوبوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ دہشتگرد اور انکے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انکا تعاقب کیا جائے گا اور انکو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔