Live Updates

عمران خان احتساب کے بجائے خواہشات کے لئے خون بہانا چاہتے ہیں، رہنما مسلم لیگ ن

قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا چھوڑ کر گریبان میں جھانکیں، خود کو احتساب کے لئے پیش کریں یا جھوٹ بولنے پر ڈوب مریں۔دانیال عزیز

بدھ 22 فروری 2017 15:28

عمران خان احتساب کے بجائے خواہشات کے لئے خون بہانا چاہتے ہیں، رہنما ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان احتساب کے بجائے خواہشات کے لئے خون بہانا چاہتے ہیں، قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا چھوڑ کر گریبان میں جھانکیں، خود کو احتساب کے لئے پیش کریں یا جھوٹ بولنے پر ڈوب مریں۔ سپریم کورٹ کے باہر بدھ کے روز پانامہ لیکس کے مقدمے کی سماعت میں وقفے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان بوکھلاہٹ کے شکار ہو گئے یہں اور وزیراعظم سمیت ان کے بچوں کے خلاف کرپشن کے ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے نیب اور ایف بی آر جیسے قومی اداروں کے خلاف حکومتی اشاروں پر ناچنے کا غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن سب جانتے ہیں کہ چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری وک تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تعینات کیا گیا اور اکیلے وزیراعظم اپنی مرضی سے ان کو عہدے سے برطرف کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے موقف میں بڑا خلاء ہے ہر جگہ احتساب کی باتیں کرتے پھرتے ہیں لیکن سڑکوں پر دھرنوں اور خیبر پختونخوا میں ان کی حکومت کی کارکردگی سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ احتساب کے لئے نہیں بلکہ ذاتی خواہشات کی تکمیل کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ملک میں جگہ جگہ دھرنے دیئے اور سڑکوں کو بند کرنے سمیت عوام کو تکلیف نہ دینے کے عدالتی احکام کو پسِ پُشت ڈالا جبکہ اب پانامہ لیکس کا بہانا بنا کر قومی مسائل میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف والوں کی نیت صاف نہیں ورنہ مقدمے کا فیصلہ پہلے ہو چکا ہوتا۔ ہم نے کمیشن بنانے پر بھی اتفاق کیا لیکن ان کے وکیل نے صاف انکار کر دیا کہ ہم کمیشن نہیں بنانا چاہتے اور اگر کمیشن بنتا ہے تو اس کی مخالفت کرینگے ۔ تحریک انصاف کے اس منافقانہ رویے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ احتساب نہیں بلکہ اقتدار پر قابض ہونے کے لئے عدالت عظمیٰ سے من مانے فیصلے چاہتی ہے لیکن ایسا ہوگا نہیں اس لئے جھوٹ کو فروغ دینے پر ان کو ڈوب مرنا چاہیئے۔

جھوٹ بول رہا ہوں تو اللہ ابھی مجھے اٹھا لے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ کرپشن کرنے والے خود پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، عمران خان اور جہانگیر ترین نے کس طرح کالا دھن سفید کیا اس کے سارے ریکارڈ موجود ہیں ان کو اپنا حساب دینا چاہیئے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کو جواب دینا چاہیئے کہ جنرل حامد نے تحریک انصاف کے وزیروں ، مشیروں اور سیکرٹریوں کے کرپشن کو بے نقاب کیا تو قانون میں تبدیلی لا کر ان کے ہاتھ باندھ کر کرپٹ عناصر کو تحفظ دیا گیا، تحریک انصاف کے چیئر مین احتساب کرنا چاہتے ہیں تو پہلے ان کو وہ کیسز کھولنے ہوں گے جن کی بناء پر جنرل حامد اور بلین ٹری منصوبے میں کرپشن پکڑنے والے افسر کو ہٹایا گیا۔

انہوں نے صحافی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم سیاسی کارکن ہیں جمہوریت اور سیاسی استحکام کے لئے جیلیں کاٹی ہیں اس لئے جمہوریت کو نقصان پہنچانے والوں کی اصلیت میڈیا پر آکر قوم کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ ان کو سچ اور جھوٹ میں فرق کرنے میں آسانی ہو۔ مسلم لیگ ن کی رہنما فائزہ حمید نے کہا کہ وزیراعظم اپنی3سالوں کا حساب دے رہے ہیں، عمران خان ذاتی خواہشات کے لئے نیب اور ایف بی آر کے سامنے دھرنا دینا چاہتے ہیں لیکن اب ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی بلکہ عدالت میں آکر ثبوت دینا ہوں گے اور ہم اپنے موقف کا دفاع کریں گے تاکہ جلد از جلد قوم کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :