وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی کے 3 روزہ دورہ پر ترکی چلے گئے

ترکی کی اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے پانچویں اجلاس میں شرکت کریں گے وزیراعظم مختلف دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ترک قیادت کے ساتھ وسیع تر مشاورت اور تبادلہ خیال کریں گے

بدھ 22 فروری 2017 15:24

وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی کے 3 روزہ دورہ پر ترکی چلے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف ترکی کے 3 روزہ دورہ پر ترکی چلے گئے ،ْ وزیراعظم پاکستان ترکی کی اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے پانچویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ خاتون اول بیگم کلثوم نواز، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر تجارت انجینئرخرم دستگیر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم مختلف دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ترک قیادت کے ساتھ وسیع تر مشاورت اور تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کے ہمراہ(آج)جمعرات کو انقرہ میں پاک ترک اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

پاک ترک اعلیٰ سطح کی تعاون کونسل کا قیام 2009ء میں دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سیاسی سطح پر مشاورت کے لئے فریم ورک کے طور پر عمل میں لایا گیا۔

یہ میکنزم دوطرفہ قیادت کو سٹرٹیجک فوکس اور رہنمائی فراہم کرتا اور مستقبل کے لئے ایک وژن ترتیب دینے میں معاونت کرتا ہے۔ کونسل کے تحت 6 مشترکہ ورکنگ گروپس کام کر رہے ہیں جن میں تجارت، توانائی، بینکنگ اور فنانس، مواصلات، ریلوے، تعلیم اور ثقافت و سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔ کونسل کے دسمبر 2010ء، مئی 2012ء، ستمبر 2013ء اور فروری 2015ء میں چار اجلاس منعقد ہو چکے ہیں۔

آخری اجلاس 17 فروری 2015ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔ کونسل کے فریم ورک کے تحت دونوں ممالک کے مابین 50 سے زیادہ معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ کونسل کے پانچویں اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جبکہ اس موقع پر کئی معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ دورہ کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔