چارسدہ:تنگی کچہری حملہ آوروں کے تین مشتبہ سہولت کار گرفتار

مارے گئے تینوں دہشت گردوں کے فنگرپرنٹس حاصل کر لیے گئے،دو افغان اور ایک مہمند ایجنسی کا رہائشی تھا، حملہ آوروں کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھی بھجوا دیئے ،ڈی پی او سہیل خالد

بدھ 22 فروری 2017 13:46

چارسدہ:تنگی کچہری حملہ آوروں کے تین مشتبہ سہولت کار گرفتار
چار سدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے تنگی کچہری پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کے 3مشتبہ سہولت کاروں کو دھرلیا ،چارسدہ میں مارے گئے تینوں دہشت گردوں کے فنگرپرنٹس حاصل کر لیے گئے،دو دہشت گرد افغان اور ایک مہمند ایجنسی کا رہائشی تھا، شواہد اکھٹے کرکے جائے وقوعہ کو دھودیا گیا۔ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے گزشتہ روزتنگی تحصیل کچہری پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کے 3 مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا ہے، یہ گرفتاریاں تنگی سے ملحقہ علاقوں میں کی گئیں، مشتبہ سہولت کاروں کے عملی کردارکی تفتیش کی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور واقعے کی جگہ کو مکمل طور پر صاف کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحصیل کچہری کے حملہ آوروں کے فنگرپرنٹس حاصل کرلیے گئے ہیں اورحملہ آوروں کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھی بھجوا دیئے گئے، مارے گئے دو دہشت گرد افغان اور ایک مہمند ایجنسی کا رہائشی تھا۔ڈی پی او سہیل خالد کا کہناہے کہ دہشت گرد مہمند ایجنسی سے شب قدر میں داخل ہوئے۔دہشت گردوں کا مقصد سیشن جج اورسول ججزکونشانہ بناناتھا۔دوسری جانب چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے دہشت گردی کا نشانہ بننے والی کچہری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قیمتی جانوں کے ضائع پر اظہار افسوس کیا اور حملہ ناکام بنانے پر پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :