واسا سروسز پر عائد سیلز ٹیکس کی مد میں 85کروڑ روپے کا نادہندہ نکلا، شوکاز نوٹس جاری

پی آر اے نے دوسال کے دوران ٹھیکیداروں کو سیوریج لائنز کی تعمیرومرمت کیلئے کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا

بدھ 22 فروری 2017 13:06

واسا سروسز پر عائد سیلز ٹیکس کی مد میں 85کروڑ روپے کا نادہندہ نکلا، شوکاز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) واسا سروسز پر عائد سیلز ٹیکس کی مد میں 85کروڑ روپے کا نادہندہ نکلا، پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شوکاز نوٹس بھیج کر دوسال کے دوران ٹھیکیداروں کو سیوریج لائنز کی تعمیرومرمت کیلئے کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی آر اے ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے سیلز ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے والے سرکاری محکموں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ایم ڈی واسا کو شوکاز نوٹس بھیج کرسال 2016-2015کے دوران ٹھیکیداروں کو کنسٹرکشن سروسز کے لئے کی گئی ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ اور ٹھیکیداروں کے نام مانگ لئے۔پی آر اے ذرائع کے مطابق واسا نے سال 2015ء کے دوران کنسٹرکشن سروسز کے لئے 88 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی ہیں جن پر 16فیصد کے حساب سے 14کروڑ روپے سیلز ٹیکس واجب الادا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح پی آر اے کے اعداد وشمار کے مطابق سال 2016-2015کے دوران ہی سیوریج لائنز کی تعمیرومرمت کے لئے چند ٹھیکیداروں کو 4ارب 45کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔پی آر اے ذرائع کے مطابق 4ارب 45کروڑ روپے کی ادائیگیاں کرتے وقت 16فیصد کے حساب سے 71کروڑ روپے کی کٹوتی کرکے پی آر اے کو سیلز ٹیکس ادائیگی نہیں کی گئی۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مجموعی طور پر 85کروڑ کی عدم ادائیگی پر شوکاز نوٹس بھیج کر واسا حکام سے ٹھیکیداروں کا مکمل ریکارڈ اور ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ممبر آپریشنز پی آر اے جاوید احمد کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی ضیا الرحمن نے واسا کے خلاف ٹیکس وصولی کیلئے پنجاب سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی۔

متعلقہ عنوان :