متاثرین کی داد رسی ہیلپ لائن کے ذریعے کی جا رہی ہے، وزارت انسانی حقوق

بدھ 22 فروری 2017 12:16

متاثرین کی داد رسی ہیلپ لائن کے ذریعے کی جا رہی ہے، وزارت انسانی حقوق
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) وزارت انسانی حقوق کی ہیلپ لائن متاثرہ افراد اور مستحقین کی داد رسی کیلئے مکمل طور پر کام کر رہی ہے اور انسانی حقوق کے ملک بھر سے متاثرین کو قانونی مشورہ کی شکل میں اور حوالہ جاتی معاونت کرتے ہوئے داد رسی کی جا رہی ہے۔ وزارت انسانی حقوق کے ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں مختلف تقریبات ، اشتہارات اور کئی دیگر فورمز پر انسانی حقوق کی قدرومنزلت کو اجاگر کیا جارہاہے ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پبلک مقامات پر تشدد خصوصاً خواتین پر تشدد کی روک تھام بار ے بڑے بڑے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں اور انسانی حقوق کے احترام اور ان عمل درآمد کے لئے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے کیونکہ موجودہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور ہیلپ لائن 1099 کاقیام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ ہزاروں کی تعداد میں موصول ہونے والی شکایات میں سے ہزاروں مستحق کالرز کو مفت قانونی مشورہ دیا گیا اور ان کے کیسز داد رسی کے لئے متعلقہ اداروں اور محکموں کے سپرد کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک ہیلپ لائن مر کز کی کارکردگی مزید بہتر بناکر سینٹرز کی استعداد کار بڑھا دی جائے گی جبکہ وزارت انسانی حقوق کے تحت عوام میں حقوق کے بارے میں شعور وآگاہی بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت زندگی کے حق، انسانی زندگی کی عظمت وتوقیر، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ خواتین ، اقلیتوں ، بچوں بزرگوں اور معذوروں کے حقوق پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔