کراچی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی،8دہشتگرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں میں سے 2 کی شناخت گل زمان اور تاج محمد کے ناموں سے ہوئی ، تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور جند اللہ گروپ سے تھا، گل زمان کالعدم ٹی ٹی پی ٹانگ کا سربراہ تھا ،مارے جانیوالوں میں خود کش بمبار بھی شامل تھا جس کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار

بدھ 22 فروری 2017 12:13

کراچی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی،8دہشتگرد ہلاک
ْ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) کراچی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، سیکورٹی فورسز کی ملیر میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے امیر سمیت 8 شدت پسند مارے گئے، ہلاک ملزموں کے قبضے سے اسلحہ ، لیپ ٹاپ بم اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا ، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور جند اللہ گروپ سے تھا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق ملیر کے علاقے بکرا پیڑی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ کارروائی کی گئی، پولیس نفری کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تاہم پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرنے کے بعد مقابلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں سے 2 کی شناخت گل زمان اور تاج محمد کے ناموں سے ہوئی جب کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور جند اللہ گروپ سے تھا۔

دہشت گردوں کے قبضے سے لیپ ٹاپ، دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ راؤ انوار کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد گل زمان کالعدم ٹی ٹی پی ٹانگ کا سربراہ تھا جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں ایک خود کش بمبار بھی شامل تھا جس کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا۔

متعلقہ عنوان :