صوبہ میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے اور نچلی سطح پر تمام تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،قائمقام گورنر بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید خان درانی

بدھ 22 فروری 2017 11:01

صوبہ میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے اور نچلی سطح پر تمام تعلیمی ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) قائمقام گورنر بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ صوبہ میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے اور نچلی سطح پر تمام تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ موجودہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کیلئے متعدد منصوبے شروع کررکھے ہیں اور تعلیمی بجٹ میں اضافے اور پالیسی وضع کرنے کے بعد ہم نے تعلیمی نظام کو حقیقی بنیادیں فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم سے متعلق کئے گئے اقدامات پر مکمل عملدرآمد کرکے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الف اعلان کے زیر اہتمام بلوچستان ایجوکیشن کمیشن کی تشکیل سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی ولیم جان برکت ، محترمہ سپوژمئی اچکزئی، محترمہ کشور احمد جتک اور محترمہ معصومہ حیات نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران بلوچستان میں تعلیم کے فروغ ، ضلعی سطح پر بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی ا ور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے سے متعلق کئی تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنر نے کہا کہ قوم کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم کا کلیدی کردار ہے انہوں نے ماہرین تعلیم پر زور دیا کہ وہ صوبہ میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور جامع تعلیمی حکمت عملی وضع کرنے سے متعلق قابل عمل اور اپنے معروضی حقائق سے ہم آہنگ تجاویز پیش کریں تاکہ نظام تعلیم کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

قائمقام گورنر نے کہا کہ ہمیشہ وہ تعلیمی پالیسیاں موثر ہوتی ہیں جو معاشرے کے معروضی حالات اور مستقبل کی تعلیمی ضروریات کو مد نظر رکھ کر وضع کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تعلیم کی روشنی بکھیرنے اور نئی نسل کے ذہنوں کو جدید علمی جہاں بینی سے منور کرنے کیلئے جذبے اور ولولہ کی اشد ضرورت ہے۔ تعمیر و ترقی کے اس جذبے سے سرشار ہوکر ہی ہم ملک و قوم کو ترقی، سربلندی اور سرخروئی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔

انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ نچلی سطح پر وضع کردہ تعلیمی پالیسیوں پر عملدرامد کیلئے عوامی منتخب نمائندوں کی شرکت و شمولیت نہایت ہی اہمیت کی حامل ہے اور ان کو تعلیم اور تعلیمی اداروں سے متعلق صروری معلومات اور تجاویز بھی پیش کی جائیں ۔ گورنر بلوچستان نے تجویز دی کہ تعلیمی نظام میں مزید بہتری کیلئے تھنک ٹینک ایجوکیشن اور ایجوکیشن ٹاسک فورس بنایا جائے۔

انہوں نے کہا ساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کیلئے ضروری تربیت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز رکھی جائے اور خصوصاً کالج لیول کے اساتذہ کی تربیت کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ریاضی اور سائنس کے مضامین کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ ان مضامین کے فروغ کیلئے ضلعی سطح پر سائنس کلب اور فلکیات سے متعلق ادارے قائم کرنا موثر ثابت ہوں گے۔ تعلیم ایک وسیع شعبہ ہے اسے صرف اسناد بانٹنے اور ایک چار دیواری تک ہرگز محدود نہ کیا جائے بلکہ تعلیمی نظام کو مؤثر اور مضبوط بناکراس کے ثمرات کو معاشرے کے تمام اداروں تک پھیلایا جائے قائمقام گورنر بلوچستان نے تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے الف اعلان کی جانب کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :