مردم و خانہ شماری، نادرا دفاتر 5 بجے کے بعد بھی کھلے رکھے جائیں

فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، چیف سیکریٹری سندھ کا نادرا حکام کو مکتوب

منگل 21 فروری 2017 22:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن کی ہدایت پر سیکریٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن نیاز عباسی نے ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی اور سکھر کے نام ایک مکتوب میں درخواست کی ہے کہ چونکہ سندھ میں مردم و خانہ شماری 2017ء کے لئے قومی شناختی کارڈ لازمی ہے اور اکثرلوگوں نے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنوائے ہیں اس لئے سندھ میں قائم تمام نادرا دفاتر میں یہ سہولت مہیا کی جائے کہ دفاتر شام 5 بجے کے بعد بھی کھلے رہیں۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسی نوعیت کا ایک مکتوب کراچی ،حیدرآباد ،لاڑکانہ ،سکھر ،میر پور خاص اور شہید بینظیر آباد کے کمشنرز اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نادرا دفاتر کے لئے فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ 5 بجے کے بعد بھی ہر روز دفاتر کھلے رہیں اس سلسلے میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ لوگوں کو دفاتر تک پہنچانے کے لئے انہیں آگاہی بھی فراہم کی جائے۔ واضح رہے کہ کمشنرز اپنے اپنے ڈویژن میں ڈیژنل سینس کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع کے ڈپٹی سینس کو آرڈینیٹرز کے بطور بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :