سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی بلوچستان فاٹا وفود سے ملاقات

بلوچستان میں امن پاکستان کے استحکام کے لیے ضروری ہے ، لیاقت بلوچ

منگل 21 فروری 2017 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور صدر مرکزی مجلس قائمہ برائے سیاسی پارلیمانی امور لیاقت بلوچ سے بلوچستان اور فاٹا کے وفود نے منصورہ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان میں امن پاکستان کے استحکام کے لیے ضروری ہے ۔سی پیک منصوبہ کی ترقی سے بلوچستان کے عوام کو بلاامتیاز مستفید کیا جائے ۔

گوادر کے عوام کا حق ہے کہ روزگار ، ہنر مندی ، پینے کا صاف پانی اور بہتر رہائشی سہولتیں دی جائیں ۔بلوچستان کے عوام کی غالب اکثریت محب دین اور محب وطن ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ممالک کے عوام کے جان ، مال ، عزت اور ترقی روزگار کے لیے ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

افغانستان کے حکمران جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ اور بھارت کے شکنجے سے نکلیں اور پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں ۔

افغانستان کی سرزمین پاکستان ، ایران ، چین اور وسطی ایشیا کے خلاف استعمال کی جارہی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی ایکشن پلان پر بلاامتیاز اور غیر جانبداری سے عملدرآمد کیا جائے ۔ مساجد ، مدارس ، مذاکرات کے خلاف پراپیگنڈا ، دین بے زار اور لادین مقتدر طبقہ کا دھندہ ہے ۔ دہشتگردی اور کرپشن یک جان دو قالب ہیں ۔ کرپشن قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہے ۔ جماعت اسلامی ملک بھر سے نظریاتی ، معاشی اور جمہوری کرپشن کے خاتمہ کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے گی ۔