لال شہباز قلندر کی درگاہ پر حملہ سندھ کی عوام پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص

منگل 21 فروری 2017 21:19

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) ڈویژنل کمشنر شفیق احمد مہیسر کی صدارت میں کمشنر کمیٹی ہال میں ڈویژن بھر میں امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے اور سیکورٹی انتظامات کومزید بہتر بنانے کے متعلق ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد زمان ناریجو، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم میمن، ایس ایس پی میرپورخاص کامران نواز، ایس ایس پی عمرکوٹ عثمان باجوہ، ایس ایس پی تھرپارکر سرفراز نواز، ڈی ایس آر رینجرز انور، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر شفیق میمن، ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی نورمحمد میمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر انور پالاری، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر اخلاق احمد ، ڈائریکٹر کالجز میر چند اوڈھ، ڈائریکٹر تعلیم نادر حسین سومرو، ڈپٹی کنٹرولر سول ڈفینس محراب خاصخیلی، ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کے ایم ایس ، سول سرجن میرپورخاص ڈاکٹر اصغر آرائیں، سول سرجن تھرپارکر ڈاکٹر اقبال بھرگڑی، سول سرجن عمرکوٹ اور ڈویژن بھرکے اسسٹنٹ کمشنروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر نے کہاکہ لال شہباز قلندر کی درگاہ پر حملہ سندھ کی عوام پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہو ں نے تمام محکموں کے افسران کو ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کو فعال بناکر سیکورٹی کے انتظامات کے متعلق کانٹیجنسی پلان بنا کر ایک ہفتے کے اندر مکمل رپورٹ دی جائے ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ مساجد، امام بارگاہوں، مندروں اور دیگر مذہبی اجتماعات میں سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے گدی نشینوں اور منتظمین سے میٹنگ کرکے پولیس ، رینجرز اہلکاروںکے ساتھ ساتھ ان کی جانب سے مقررکردہ رضاکاروں کو بھی سیکورٹی ڈیوٹی پر معمور کیا جائے درگاہوں اور مندروں کے درپیش مسائل ہوں تو انہیں حل کرایا جائے ۔

کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام ہسپتالوں اور صحت مراکز میں انسانی جانیں بچانے والی ادویات ،ایمبولینس ، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر نے ڈویژن کے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بھی اپنے اپہنے تعلقوں میں متعلقہ افسران سے میٹنگ کرکے مذکورہ سیکورٹی انتظامات کویقینی بنائیں ۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں اورکالجوں میں سیکورٹی انتظامات کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے او ر اسکاؤٹس کو فعال بنائیں انہوں نے ڈپٹی کنٹرولر سول ڈفینس کو ہدایت کی کہ وہ تربیت یافتہ رضاکاروں کی تعداد میں اضافہ کرکے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار کریں اور ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکموں میں فائرایکسیبیوٹر نصب کرنے کیلئے تمام انچارجو ں پابند ہونگے ۔ کمشنر نے کہا کہ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے میں خود بھی اچانک دورے کروں گا۔

متعلقہ عنوان :