سرکار مدینہؐ سے عشق و وابستگی ہر مسلمان کا ایک مضبوط سہارا اور الله تعالیٰ کی ذات تک رسائی کا کامل ذریعہ ہے‘ عرفان صدیقی

منگل 21 فروری 2017 21:06

سرکار مدینہؐ سے عشق و وابستگی ہر مسلمان کا ایک مضبوط سہارا اور الله ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سرکار مدینہؐ سے عشق و وابستگی ہر مسلمان کا ایک مضبوط سہارا اور الله تعالیٰ کی ذات تک رسائی کا کامل ذریعہ ہے جس کے بغیر ہمارے لئے ایمان کا تصور ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز دانشور اور ادیب عکسی مفتی کی کتاب ’’الله۔

ماورا کا تعین‘‘ کی تعارفی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ ایمان ایک روحانی اور قلبی کیفیت کا نام ہے جو کسی وکیل اور دلیل کی محتاج نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ عکسی مفتی بنیادی طور پر ایک مجذوب اور صاحب ایمان و یقین شخص ہے اس کی تلاش کا سفر جوگیوں، سنیاسیوں، درویشوں اور مجذوبوں کا سفر ہے جو اپنے محبوب کی انگلی تھامے اس کی تلاش میں بھٹکے اور تسکین قلب و جان کا اہتمام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ کتاب عکسی مفتی کیلئے توشہ آخرت اور ذریعہ نجات ضرور بنے گی۔ اسلام آباد کالج برائے طالبات ایف سیون فور میں منعقدہ تقریب سے سابق سیکرٹری جنرل وزارت خارجہ اکرم ذکی، اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قاسم بگھیو، ممتاز ادیب اور لکھاری مسعود مفتی، خانوادہ حضرت سلطان باہو سے تعلق رکھنے والے صاحبزادہ سلطان احمد علی، قیصرہ علوی، ڈاکٹر سائرہ، اسلام آباد کالج برائے طالبات ایف سیون فور کی پرنسپل ڈاکٹر فردوس فاطمہ، رانا عبدالباقی اور محبوب ظفر نے بھی خطاب کیا اور عکسی مفتی کی تصنیف کی بھرپور پذیرائی کی۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کو کالج کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :