پاکستان اور بھارت ایٹمی حادثات سے متعلق معاہدہ میں پانچ سال کی توسیع پر متفق

بھارت نے ایٹمی حادثات سے نمٹنے کے معاہدہ میں توسیع کی تجویز تسلیم کر لی ، یہ معاہدہ ایٹمی اعتماد سازی کے اقدامات کا حصہ ہے ، معاہدہ کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے،ترجمان دفتر خارجہ

منگل 21 فروری 2017 20:46

اسلام آباد/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) پاکستان اوربھارت نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق حادثات کے خطرے کو کم سے کم کرنے سے متعلق دوطرفہ معاہدے کی مدت میں 5سال کی توسیع کردی۔منگل کو ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ نے جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان اور بھارت ایٹمی حادثات سے متعلق معاہدہ میں پانچ سال کی توسیع پر متفق ہیں ۔

بھارت نے ایٹمی حادثات سے نمٹنے کے معاہدہ میں توسیع کی تجویز تسلیم کر لی ۔ یہ پاک بھارت دو طرفہ معاہدہ 2007 میں طے پایا تھا ۔ اس معاہدہ میں 2012 میں بھی 5 سال کی توسیع کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ایٹمی اعتماد سازی کے اقدامات کا حصہ ہے ۔ معاہدہ کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے ۔ گزشتہ روز بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق حادثات کے خطرے کو کم کرنے سے متعلق معاہدے کے آرٹیکل 8کے مطابق دونوں ممالک نے معاہدے کی مدت میں پانچ سال کی توسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

(جاری ہے)

معاہدے کی موجودہ معیاد 20فروری 2017تک تھی ۔دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر 2007میں دستخط کیے گئے تھے جس کے مطابق دونوں ممالک جوہری ہتھیاروں سے متعلق کسی بھی حادثے کی صورت میں اپنے متعلقہ دائرہ اختیار میں ایک دوسرے کو مطلع کریں گے ۔