افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے،مشتاق غنی

حالیہ دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈز افغانستان میں مقیم ہیں جو ہندوستان کی مدد سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں،ترجمان خیبرپختونخواحکومت

منگل 21 فروری 2017 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چارسدہ کے دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ۔اس موقع پر مشتاق غنی نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کمی نہ چھوڑی جائے اور ان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مشتاق غنی نے افغانستان میں نیٹو فورسز کے کردار کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے جبکہ یہ ذمہ داری نیٹو فورسز اور افغان حکومت کی ہے کہ وہ افغان سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔

(جاری ہے)

مشتاق غنی نے مزید کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈز افغانستان میں مقیم ہیں جو ہندوستان کی مدد سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔

مشتاق غنی نے واضح کیا کہ پاکستان میں تمام ادارے اور سٹیک ہولڈرز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک ہی صفحے پر ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔اس موقع پر مشتاق غنی نے خیبر پختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور واضح کیا کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے دہشت گرد اپنے ہدف تک نہیں پہنچ پائے اور اپنے مقصد میں ناکام ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کی قربانی سے آج سینکڑوں قیمتی جانیں بچی ہیں اور پاکستانی عوام پولیس جوانوں کی ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور صوبائی حکومت ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔

متعلقہ عنوان :