Live Updates

روشن مستقبل کیلئے قومی اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا ،حکمران اناء اور ضد چھوڑ دیں ‘عبدالعلیم خان

کے پی کے کی پولیس نے قابلیت ثابت کر دی ، عمران خان ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

منگل 21 فروری 2017 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے روشن اور محفوظ مستقبل کیلئے قومی اداروں کو مضبوط کرنا ہو گااور ذاتی مفادات سے ہٹ کر اپنی ناک سے آگے دیکھنے کی عادت ڈالنا ہو گی،حکمران ڈھٹائی،اناء اورضد چھوڑ دیں اور ماضی میں ہونے والی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں ، اپنے جھوٹ چھپانے کیلئے وزراء روز لسی میں مدھانی ڈال کر بیٹھے رہتے ہیں جبکہ انہیں خود بھی معلو م ہے کہ وہ کس قدر دروغ گوئی سے کام لے رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے چیئرنگ کراس بم دھماکے میں شہید علی حسن کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا پہلے ہی حکمرانوں کو بری طرح ایکسپو ز کر چکا ہے اور اب ان کے پاس روزانہ تحریک انصاف پر الزامات کی بوچھاڑ کرنے کے علاوہ باقی کچھ نہیں بچا عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے والا ہے انہوں نے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر کے پی کے پولیس نے اپنی قابلیت ثابت کر دی ہے اور جرات و بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مردانہ وار مقابلہ کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انہوں نے خیبر پختونخوا میں حکومت پر عوام کے اعتماد کو بحال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک گیر تبدیلی لانے کی اہل ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات