سیاحت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے،چودھری عبدالغفورخان

سیاحت کے فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی اسلام آباد سٹی ٹور کا آغاز کر رہی ہے، بس سروس کی افتتاحی تقریب پاک چائنہ سنٹر میں عنقریب منعقد کی جائے گی ملک بھر میں نئے موٹلز کا قیام، موجودہ موٹلز میں پری فیبریکیٹڈ سڑکچر سے نئے کمروں کا اضافہ کیا جائے ،جرمن سفیر سے ملاقات میں گفتگو

منگل 21 فروری 2017 19:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مثالی ہیں اور سیاحت کے شعبے میں تعاون سے یہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ یہ بات چوہدری عبدالغفور خان ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے پاکستان میں متعین جرمنی کی سفیر اینا لیپل سے ملاقات کے دوران بتائی۔پاکستان میں تین پہاڑی سلسلے قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش واقع ہیں دنیا کی 14 اونچی چوٹیوں میں سے 5 پہاڑی چوٹیاں پاکستان میں ہیں۔

جن میں دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو شامل ہے۔ پاکستان قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے جن میں متنوع ثقافت کی حامل وادیِ سندھ اور گندھارا تہذیبیں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان بین الا قوامی میلہ برلن جرمنی میں باقاعدگی سے حصہ لیتا رہا ہے پی ٹی ڈی سی اس میلے میں گزشتہ تیس سال سے شرکت کر رہی ہے جرمن سفیر نے بتایا کہ جرمن سیاح کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کیلئے پاکستان آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ مہم جوئی کے بڑے شوقین ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں ملکوں کے ٹور پیکجز متعارف کرائے جائیں گے اور ان کا فروغ سرکاری اور نجی سطح پر کیا جائے گا۔ پاکستان میں خوبصورت بلند و بالا پہاڑ ، وادیاں ، دریا اور ساحل ِ سمندر واقع ہیں۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے بتایا کہ سیاحت ایک ایسا شعبہ ہے جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

سیاحت کے فروغ کیلئے پی ٹی ڈی سی اسلام آباد سٹی ٹور کا آغاز کر رہی ہے ۔ بس سروس کی افتتاحی تقریب پاک چائنہ سنٹر میں عنقریب منعقد کی جائے گی۔ پی ٹی ڈی سی سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس بھی شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ملک بھر میں نئے موٹلز کا قیام، موجودہ موٹلز میں پری فیبریکیٹڈ سڑکچر سے نئے کمروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ جرمن سفیر نے بتایا کہ وادیِ نیلم جو کہ بہت خوبصورت وادی ہے اس کو فروغ دیا جائے اور پاکستان غیر ملکی سیاحوں خصوصاًً جرمن سیاحوں کو وادیِ نیلم کی سیر کے لیئے این او سی جاری کرے تو پاکستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزید انہوں نے بتایا کہ جرمن سیاح صفائی پسند ہیں اور ماحول دوست پسند ہیں ۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے جرمن سفیر سے زور دیتے ہوئے کہا کہ جرمن اپنے سیاحوں کے لیئے ٹرویل ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے تا کہ زیادہ سے زیادہ جرمن سیاح پاکستان کا وزٹ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

ایم ڈی، پی ٹی ڈی سی نے بتایا کہ پاکستان میں سیاحت کی ترقی سے دونوں ملکوں کی اقتصادی طور پرمضبوط ہوں گے۔ ملاقات کے آخر میں چوہدری عبدالغفور خان، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے جرمن سفیر کوخیر سگالی کے طورسوئینر پیش کیئے ۔ چوہدری عبدالغفور خان، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے جرمن سفیر سے جرمن سفارتخانے میں ملاقات پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :