بٹگرام، شاہراہ ریشم اور سی پیک منصوبہ سے منسلک رابطہ سڑکوں پر دفعہ 144نافذ

منگل 21 فروری 2017 19:42

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) بٹگرام ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شاہراہ ریشم اور سی پیک منصوبہ سے منسلک رابطہ سڑکوں پر دفعہ 144نافذ کردیا ہے۔ شاہراہ ریشم اور رابطہ سڑکوں کو احتجاج کے طور بند کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا ۔عوام کے مسائل بغیر احتجاج کے حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ سیاسی جماعتیں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

سڑکوں کی بندش کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہارمنگل کے روز ڈپٹی کمشنر سردار اسد ہارون نے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ناظم عطاء الرحمن خان ترند، میجر نعمان ،تحصیل ناظم نیاز محمد خان ترند،اسسٹنٹ کمشنر میاں جاوید اقبال ،اہل سنت والجماعت کے صوبائی صدر عطاء محمد دیشانی ،نیاز محمد خان تھاکوٹ ،عمل شاہ شیرازی ،حاجی طہماس خان اور دیگر مشران موجودتھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سردار اسد ہارون کا کہناتھا کہ ٹیکسی ڈرائیور وں کیلئے سٹینڈکا بندوبست کررہے ہیں لیکن تمام ٹیکسی ڈرائیوروں پر بھی لازم ہے کہ وہ روٹ پرمٹ سمیت آرٹی اے سے اپنی رجسٹریشن کرائیں اور اپنی گاڑیوں پر ٹیکسی بورڈز نصب کریں ۔ریڑھی بانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے روزی روٹی کو ختم نہیں کرانا چاہتے ان کیلئے بھی متبادل جگہ فراہم کریں گے اور ریڑھی بانوں کی رجسٹریشن متعلقہ تھانے سے کرائیں گے۔

متعلقہ عنوان :