دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا،پیرصابر شاہ

منگل 21 فروری 2017 17:21

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء)مسلم لیگ(ن)کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں جگہ جگہ جنازے اٹھنے سے پوری قوم سوگوار ہے ۔وزیراعظم محمد نواز شریف اور مسلح افواج کی کوششو ں سے دہشت گردی پر قابو پالیاگیا تھا اور امن و امان واپس لوٹ آیا تھا ۔

دہشت گرد حکومت کے عزم کو متزلزل کرنے کیلئے حکومت پر دبائو بڑھانا چاہتے ہیں تاہم وزیراعظم محمد نواز شریف کے اس اعلان سے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا اور دہشت گردی کو ہر صورت میں ختم کریں گے پوری قوم کے حوصلے بڑھ گئے ہیں ۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی یکجہتی اور قوم کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا لیکن عمران خان ،محاذ آرائی ،انتشار اور نفرت پھیلا کر قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور اقتدار کی ہوس میں ملک کو بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان اسمبلی و پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دھرنو ں کے ذریعے نہ تو منتخب حکومت کو ہٹایا جا سکتا ہے اور نہ عمران خان چو ر دروازے سے وزیراعظم بن سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مثالی صوبہ بنا کر عمران خان دوسرے صوبوں کی حمایت حاصل کر سکتے تھے لیکن خیبرپختونخوا کے لوگوں کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے قربانی کا بکرا بنانے کی وجہ سے عوام پی ٹی آئی سے بیزار ہو چکے ہیں اور عمران خان نے دھرنوں کیلئے خیبرپختونخوا کے وسائل کو استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے صوبہ مالی بحران کا شکار ہے ۔

عمران خان کی طرف سے اپنی چوری چھپانے کیلئے چور چور کا شور مچایا جارہا ہے لیکن وہ اب خود ہی بیرونی ممالک سے ہونے والی فنڈنگ اور ٹیکس چوری چھپانے اور لوگوں کے چندوں کی رقومات کا حساب نہیں دے رہے ہیں ۔پیر صابر شاہ نے کہا کہ عمران خا ن کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا بلکہ انہیں عوامی کٹہرے میں کھڑا کر کے ان کی تلاشی لی جائے گی اور ان کا محاسبہ بھی کیا جائے گا ۔پیر صابر شاہ نے چارسدہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔