دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ، ہمیں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا

دہشتگردی کے بزدلانہ واقعات سے ہمارا عزم زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوا ہے وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتیں ، افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ مریم اورنگ زیب کی چارسدہ کی تحصیل تنگی کی کچہری کے قریب خود کش حملے کی مذمت

منگل 21 فروری 2017 17:01

دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ، ہمیں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں، ہمیں متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا،دہشتگردی کے بزدلانہ واقعات سے ہمارا عزم زیادہ مضبوط اور مستحکم ہوا ہے۔منگل کوسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں چارسدہ کی تحصیل تنگی کی کچہری کے قریب خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم حملہ کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لوا حقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دہشت گردی کے واقعات میں شہیداور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دہشتگردوں نے عوام اور سکیورٹی فورسز کے عزم کو کمزور کرنے کی کوشش کی مگران کے تمام بزدلانہ وار ناکام ہوئے،دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے سکیورٹی ادارے اور عوام مزید مضبوط اور حوصلہ مند ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتیں ، افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

دہشت گردوں کا کوئی مذہب کوئی دین نہیں ہوتا۔عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت ، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپ کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں۔پاکستان کے اندر جب تک ایک بھی دہشت گرد موجود ہے ہم سب اکھٹے ہو کر اس کا مقابلہ کریں گے اورانشاء اللہ ہم کامیاب اور فاتح ہوں گے۔