پنجاب میں رینجرز اختیارات کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں' رانا ثناء اللہ

پنجاب میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کی باتیں صرف ایک پروپیگنڈا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 21 فروری 2017 16:26

پنجاب میں رینجرز اختیارات کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں' رانا ثناء اللہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) پنجاب کے وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں رینجرز کو اختیارات دینا کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں، بلکہ وقت کی ضرورت ہے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق تاثر کو بھی مسترد کردیا۔انھوں نے کہا کہ 'پنجاب میں طویل عرصے کے بعد دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا اور یہ حکومتی کوششیں ہی ہیں جن کی وجہ سے ان واقعات میں کمی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلے بھی محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کو رینجرز کی مدد حاصل تھی، لیکن حالیہ دنوں میں افغانستان سے دہشت گردوں کی ملک میں کارروائیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں تلاشی اور گرفتاری کے اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سوال پر کہ ماضی میں تو آپ کا مؤقف رہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کوئی دہشت گرد تنظیمیں موجود نہیں ہیں، لہذا پھر اب ایسا کیا ہوا کہ صوبے میں رینجرز سے آپریشن کروانے کا فیصلہ کرنا پڑا رانا ثنائ اللہ نے جواب دیا، 'ہمارا مقصد ہے کہ دہشت گردی کی نئی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں آپریشنز کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انہیں مزید موثر انداز میں کیا جائے جس میں رینجرز اپنا کردار ادا کرے گی۔

انھوں نے اسے ایک اچھا فیصلہ قرار دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ اس کے بہتر نتائج ملیں گے۔وزیرِ قانون نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کی باتیں صرف ایک پروپیگنڈا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔