پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

پرندہ ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت لینڈ کر لیا، تمام مسافر محفوظ رہے

منگل 21 فروری 2017 15:20

پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) قومی ائیر لائنز کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ، پرندہ ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت لینڈ کر لیا، تمام مسافر محفوظ رہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائنز کے بوئنگ777جہاز کے انجن نمبر دو کے ساتھ پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ تاہم تمام مسافر محفوظ رہے اور پائلٹ نے طیارہ باحفاظت لینڈ کر لیا ۔

تکنیکی ماہرین کی ٹیم انجن نمبر دو کی مرمت میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جس بوئنگ ٹرپل سیون جہاز سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ہے اس کا رجسٹریشن نمبر اے پی بی ایچ ایکس ہے۔دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر ہر مہینے بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود سول ایوی ایشن کی جانب سے رن وے کے اطراف پرندوں کی موجودگی پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا جس کی وجہ سے طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے واقعات میں پھر تیزی آ گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی یورپ جانے والی پرواز سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پیش آ چکا ہے ۔