سانحہ سیہون شریف دھماکہ ، پیپلز پارٹی کے دو بلدیاتی نمائندے مبینہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 فروری 2017 14:34

سیہون شریف (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 فروری 2017ء) :سانحہ سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ میں دھمال کے دورا ن پیش آیا جس کے نتیجے میں 85سے زائد افراد شہید جبکہ 300زائد افراد زخمی ہوئے ۔ سانحی سیہون شریف دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک میں چھپے ہوئے دہشتگردوں ، عسکریت پسندوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا۔

ان آپریشنز میں ملک بھر سے کئی دہشتگردوں اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ۔ سانحہ سیہون شریف میں سہولت کاری کے الزام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دو بلدیاتی نمائندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔منیر خان جمالی جنگوانی اورعبد العزیز جمالی ہملانی جن کا تعلق بالترتیب چنی اور کمال خان یونین کونسلز سے ہے،کو سانحہ سیہون شریف میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنما دادو کے علاقہ جوہی سے گرفتار کیے گئے چار افراد میں شامل ہیں۔منیر کے انکل کا کہنا ہے کہ پولیس نے بتایا کہ دونوں رہنما انٹیلی جنس ایجنسی کی زیر حراست ہیں۔گرفتار کیے گئے مزید دو افراد کی شناخت حبیب اللہ اور غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے لعل شہباز قلندر درگاہ دھماکے کے الزام میں گرفتار کیے گئے دیگر ملزمان کی تاحال شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم ان سب سے تفتیش کی جا رہی ہے۔