الیکشن کمیشن کو اثاثوں کے گوشوارے موصول نہ ہونے پر 10 اراکین صوبائی اسمبلی کی رکنیت بدستور معطل

منگل 21 فروری 2017 13:34

الیکشن کمیشن کو اثاثوں کے گوشوارے موصول نہ ہونے پر 10 اراکین صوبائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) الیکشن کمیشن کو 10 اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے مالی سال 2015-16ء کے اثاثوں کے گوشوارے ابھی تک موصول نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے ان کی رکنیت تاحال معطل ہے۔ ان میں پنجاب اسمبلی کے 2 اور سندھ اسمبلی کے 8 اراکین شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اراکین ملک سجاد حسین جوئیہ اور سردار محمد جمال خان لغاری نے ابھی تک اپنے گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

(جاری ہے)

اسی طرح سندھ اسمبلی کے اراکین محمد سلیم راجپوت، خالد بن ولایت، محفوظ یار خان، محمد کامران، سید محمد قمر عباس رضوی، شہناز بیگم، رخسانہ پروین اور بلقیس مختار نے بھی تاحال اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی۔ ہر مالی سال کے اختتام کے تین ماہ تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل کر دی جاتی ہے تاہم ان کی رکنیت گوشوارے جمع کرانے پر بحال کر دی جاتی ہے۔ 10 اراکین کی جانب سے تقریباً 6 ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک گوشوارے جمع نہ کرانے کی وجہ سے ان کی رکنیت معطل ہے۔