Live Updates

چارسدہ ، تنگی میںکچہری کے قریب دو دھماکے، چار افراد جاں بحق، 12افراد زخمی

زخمیوں میں چار پولیس اہلکار شامل ،زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا ، کئی کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ،پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ صدر مملکت ،وزیراعظم ،وزیرداخلہ ،وزیراعلیٰ اورگورنر خیبرپختونخوا، عمران خان، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، آصف زرداری سمیت دیگر رہنمائوں کی چارسدہ کچہری دھماکے کی مذمت

منگل 21 فروری 2017 13:21

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 فروری2017ء) چارسدہ کی تحصیل تنگی میںکچہری کے قریب دو دھماکوں کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ 12افراد زخمی ہو گئے ،زخمیوں میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں،زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے تنگی سیشن کورٹ کے مرکزی دروازے پر زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ۔ دھماکہ مرکزی دروازے پر ہوا جس کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی گئی،دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر طاہر ظفر نے کہا کہ سکیورٹی انتہائی سخت تھی اس کی وجہ سے دہشتگرد سیشن کورٹ کے اندر داخل نہیں ہوسکے اور زیادہ نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ بم کے ذریعے کیا گیا یا خودکش تھا اس کی فی الحال تصدیق نہیں کی جاسکتی۔ ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد نے کہا ہے کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے تحصیل تنگی کی کچہری میں داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی پر ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑایا جس کے بعد دیگر دو حملہ آوروں نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ شروع کردیا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ سرچ آپریشن جاری ہے،آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا گیا ۔

تحریک انصا ف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ مہمند ایجنسی سے حملہ آوروں کے آنے کی اطلاع ہے ، ہم بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہوئے ہیں،ہم کافی عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہیں، خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ایمرجنسی ہروقت نافذ رہتی ہے ،ایف سی اسلام آباد اوردیگرعلاقوں میں ہے ۔ادھر صوبائی وزیر صحت شہرام ترکی کا کہنا ہے کہ پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق تین لاشیں تنگی اسپتال منتقل کردی گئیں ،زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال تنگی منتقل کردیا گیا۔صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم محمد نوازشریف،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک،گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق،سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر رہنمائوں نے چارسدہ کچہری دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔…(خ م)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات