کامیابیوں پر ٹانگ کھینچی جاتی ہے حاسدین کی پرواہ نہیں کرتی ‘ نیلم منیر

منفی رویے اپنانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیں ،پھر دوسروں پر تنقید کریں

منگل 21 فروری 2017 13:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ منفی تنقید ہمارے ہاں رواج بن چکا ہے جو بھی اداکار کامیابیوں کی بلندیوں پر جاتا ہے دوسرے اس کی ٹانگ کھینچنے میں مصروف ہوجاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں جہاں میرے بڑے اچھے دوست ہیں وہاں حاسدین بھی موجود ہیں جو کسی نہ کسی طرح میری شہرت کو نقصان پہنچانے کے در پے رہتے ہیں مگر مجھے ایسے لوگوں کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ یہ صرف اپنی شناخت بنانے کے لئے بڑے سٹار پر تنقید کرتے ہیں ، اس طرح کے منفی رویے اپنانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے اور پھر دوسروں پر تنقید کریں ۔

نیلم منیر نے کہا کہ میں ٹی وی ڈراموں میں جو بھی کام کرتی ہوں دوستوں اور گھر والوں سے اپنے کام کے حوالے سے ضرور پوچھتی ہوں کہ وہ میرے کردار کے بارے میں بتائیں کہ وہ کس طرح ادا کیا ہے ، اس میں مجھے مثبت تنقید اور تعریف بھی سننے کو ملتی ہے اور مثبت تنقید سے میرے کام میں زیادہ نکھار آیاہے ۔