لوگوں نے مجھے درد کا سفیر بنا رکھا ہے ‘ گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

میں نے اپنے حصے کی کامیابیاں سمیٹ لی ہیں اب نوجوان گلوکاروںکا دور ہے

منگل 21 فروری 2017 13:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہاہے کہ لوگوں نے مجھے درد کا سفیر بنا رکھا ہے کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ میرے گلے میں گانے کے دوران درد پیدا ہوتا ہے یہ صرف خدا کی دین ہے اور کچھ محرومیاں بھی انسان کے ساتھ ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ جب میں نے گلوکاری کا آغاز کیا تھا تو مجھے گھر والوں کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرتے ہوئے لاہور ہجرت کرنا پڑی اور یہاں چھوٹی موٹی ملازمتیں کرتا ہوا گلوکاری کی طرف آگیا اور پھر خدا کی ذات نے مجھ ناچیز پر اتنا کرم کیا کہ ہر طرف میرے گانے ہی سنے جاتے تھے اور ہر ماہ میری کوئی نہ کوئی کیسٹ ضرور ریلیز ہوتی تھی ۔

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میں نے اپنے حصے کی کامیابیاں سمیٹ لی ہیں اب نوجوان گلوکاروںکا دور ہے اور جس طرح ایک باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا بیٹا زندگی میں کامیاب انسان بنے میری بھی یہی خواہش ہے کہ میرا بیٹا سانول مجھ سے بڑھ کر اپنا نام پیدا کرے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ آج میں سانول کی شناخت ہوں مگر سانول کو اپنی علیحدہ شناخت بنانی چاہیے اور تب ہی میرے نزدیک وہ ایک کامیاب انسان ثابت ہو گا ۔